Thursday, April 25, 2024

پی آئی اے طیارہ حادثہ، فرانسیسی ٹیم نے اے 320 کا مکمل ریکارڈ طلب کر لیا

پی آئی اے طیارہ حادثہ، فرانسیسی ٹیم نے اے 320 کا مکمل ریکارڈ طلب کر لیا
May 26, 2020
کراچی (92 نیوز) فرانسیسی ٹیم نے اے 320 کا مکمل ریکارڈ طلب کر لیا، طیارہ ایک سال میں کتنی بار گراؤنڈ ہوا، چیک لسٹ کے مطابق کن کن خرابیوں پر کام کیا گیا، فرانسیسی تحقیقاتی کمیٹی نے تباہ حال طیارے کا معائنہ، شواہد کا جائزہ لیا، پی آئی اے حکام سے بریفنگ بھی لی، ٹیم چند روز مزید قیام کرے گی۔ پی آئی اے کے طیارے کو حادثہ، وجوہات کیا بنیں، غفلت، لاپروائی یا فنی خرابی، ائر بس کی فرانسیسی ٹیم نے حادثے کا شکار اے 30 کی تمام ہسٹری طلب کرلی۔ کراچی آنے والی فرانسیسی ٹیم کی جانب سے تفصیلات مانگی گئی ہیں کہ طیارہ ایک سال میں کتنی بار گراؤنڈ ہوا۔ چیک لسٹ کے مطابق کن کن خرابیوں پر کام کیا گیا۔ گزشتہ سال کے دوران انجن نے پرواز کے کتنے سائیکل مکمل کئے، طیارے کو کتنی بار چیکنگ کے مراحل سے گذارا گیا اور لینڈنگ گیئر کی کتنی بار تکنیکی بنیادوں پر سروسز کی گئیں۔ فرانسیسی ٹیم کی جانب سے یہ تفصیلات طلب کی گئیں کہ طیارے کی اہم ٹیکنیکل سروسز میں کن انجینئرز نے کام کیا، تیکنیکی خرابیوں کو دور کرنے کے لئے کیا وسائل اور پرزہ جات استعمال کئے گئے۔ اس سے پہلے ٹیم نے جائے حادثہ کا دورہ کرکے تباہ شدہ جہاز کے ملبے کا معائنہ کیا، شواہد دیکھے اور تصاویر بھی بنائیں۔ سول ایوی ایش کے فائر ڈیپارٹمنٹ اور پی آئی اے کے فلائیٹ سیفٹی عملے نے انہیں بریفنگ بھی دی۔ پاکستان میں تحقیقات کرنے والی ٹیم نے بھی اب تک کی پیش رفت سے آگاہ کیا۔ فرانسیسی ٹیم نے کراچی ایئرپورٹ کا بھی دورہ کیا۔ ٹیم نے رن وے کا جائزہ لیا۔ تصاویر بنائیں کنڑول روم بھی گئے۔ ذرائع کےمطابق پائلٹ اور کنٹرول روم کے درمیان ہونے والی گفتگو، آڈیو مسیجز اور ویڈیوز بھی فرانسیسی تحقیقاتی ٹیم کو دیکھائی گئیں۔ ٹیم نے کنٹرول ٹاور سے ٹیلی اسکوپ کے ذریعے مختلف زاویوں سے رن وے اور ایپرن کا جائزہ لیا اس موقع پر پاکستانی تحقیقاتی ٹیم ائرکرافٹ ایکسیڈنٹ اینڈ انویسٹی گیشن کے نمائندے بھی موقع پر موجود تھے۔