Tuesday, April 16, 2024

فرانسیسی ٹی وی نے بھی مقبوضہ کشمیر میں بھارٹی مظالم کابھانڈاپھوڑ دیا

فرانسیسی ٹی وی نے بھی مقبوضہ کشمیر میں بھارٹی مظالم کابھانڈاپھوڑ دیا
April 1, 2019

پیرس ( 92 نیوز) فرانسیسی ٹی وی نے بھی مقبوضہ کشمیر میں بھارٹی مظالم کابھانڈاپھوڑ دیا ۔اپنی ڈاکیو منٹری میں  کشمیریوں پر بھارتی جبر  اور انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کو بھرپور انداز میں اجاگر کیا ہے ۔

فارسی زبان  کا ایک مشہور شعر ہے  اگر فردوس بر روئے زمیں است ، ہمیں است و ہمیں است و ہمیں است۔

قدرتی حسن میں وادی کشمیر  اپنا کوئی ثانی نہیں رکھتی  ، ہریالی سے بھری حسین وادیاں اور خوبصورت جھیلیں اس کی دلکشی  ظاہر کرتے ہیں  لیکن اس  وادی کا ایک اور پہلو بھی ہے جومعصوم کشمیریوں کے خون سے رنگا ہوا ہے  ۔

اس پہلو کو دنیا کے سامنے پیش کرنے کیلئے  فرانسیسی ٹی وی نے  ڈاکیو منٹری تیار کی ہے ۔

کشمیر دی وار آن دی  رُوف آف دی ورلڈ نامی یہ ڈاکیو منٹری   فرانسیسی صحافی پال کومیٹی نے بنائی ہے ، پال نے   2017 میں  مقبوضہ کشمیر کا دورہ کیا تھا تاہم  بھارتی پیرا ملٹری فورسز کے ہاتھوں  کشمیریوں پر پیلٹ گنز کے بے جا استعمال   کی ویڈیوز فلمانے پر  انہیں تین ہفتے کیلئے  حراست میں رکھا گیا اور  بعد میں بلیک لسٹ کردیا گیا۔

 ابتدائی طور پر  پاکستان اس ڈاکیو منٹری کا حصہ نہیں تھا  اور صرف بھارتی موقف ہی دکھایا جانا تھا تاہم اپنی رہائی کے بعد  پال  کومیٹی نے پاکستانی موقف پیش کرنے کا فیصلہ کیا۔

ڈاکومنٹری میں بتایا گیا کہ مقبوضہ کشمیر میں   برہان وانی کی شہادت کے بعد تحریک آزادی  میں  شدت  آئی  ہے اور نوجوان جوق در جوق   اس میں شامل ہو رہے ہیں۔

 ڈاکومنٹری میں میر واعظ عمر فاروق کی گفتگو بھی نشر کی گئی جس میں انہوں نے اپنی   نظر بندی کا شکوہ کیا اور کشمیر کی صورت حال بارے گفتگو کی۔

ڈاکیو منٹری میں صدر آزادکشمیر سردار مسعود کی گفتگو  بھی شامل کی گئی،اُن کا کہنا تھاکہ  آزاد کشمیر میں  لوگوں کو مکمل سیاسی آزادی ہے اور اُن پرکسی قسم کا تشدد نہیں کیا جاتا۔

ڈاکومنٹری میں لائن آف کنٹرول کی صورتحال بھی شامل کی گئی اور بتایا کہ لوگوں کو کن مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا  ہے۔