Thursday, April 18, 2024

فرانسیسی وزارت خارجہ کی عرب ممالک سے اشیاء کا بائیکاٹ ختم کرنیکی درخواست

فرانسیسی وزارت خارجہ کی عرب ممالک سے اشیاء کا بائیکاٹ ختم کرنیکی درخواست
October 26, 2020

پیرس (92 نیوز)عرب ممالک کا فرانسیسی اشیا کا بائیکاٹ  فرانس کو گھٹنوں پر لے آیا ، فرانسیسی وزارت خارجہ نے عرب ممالک سے اشیا کا بائیکاٹ ختم کرنے کی درخواست کر دی ہے تاہم فرانسیسی صدر عمانوئل میکرون آزادی  اظہار کے نام پر مذہبی رواداری کو پامال کرنے پر تلے ہوئے ہیں۔

معاشی بربادی کے خوف نے انتہاپسند فرانس کو اپنی اوقات یاد دلا دی ،عرب ممالک سے فرانسیسی اشیا کا بائیکاٹ ختم کرنے کی درخواست کر دی ۔ فرانسیسی وزارت خارجہ کی جانب سے جاری بیان میں مسلمان ممالک سے بائیکاٹ کے فیصلے پر نظر ثانی کی درخواست کی گئی ہے ، بیان میں فرانس مخالف احتجاجی مظاہروں پر بھی تشویش کا اظہار کیا گیا ہے۔

دوسری جانب فرانسیسی صدر گستاخی کے معاملے کو آزادی اظہار کے مبہم باب سے الگ کرنے کو تیار نہیں ، میکرون نے گستاخانہ خاکوں پر مسلمانوں کے فطری رد عمل کو شدت پسندی قرار دیتے ہوئے اس کیخلاف اقدامات جاری رکھنے کا اعلان کیا ہے۔

عمانوئل میکرون نے ٹویٹ میں کہا ہے کہ وہ اپنے خلاف مسلمانوں کے ردعمل کو کسی صورت برداشت نہیں کریں گے ، یعنی آزادی  اظہار کے نام پر گستاخانہ خاکوں کی اشاعت کو جائز قرار دینے والے فرانسیسی صدر ناپاک جسارت پر مسلمانوں کے رد عمل کو آزادی اظہار اور ایمانی تقاضہ نہیں بلکہ انتہاپسندی اور نفرت آمیز رویہ سمجھتے ہیں اور ان کے یہ بیانات فرانس کی اسلام دشمنی اور منافقت کے واضح ثبوت ہیں۔