Thursday, March 28, 2024

فرانسیسی بندرگاہ کیلے میں فیری ورکرز کی ہڑتال، فرانس جانیوالی گاڑیوں کی لمبی قطاریں، ٹریفک کا نظام معطل

فرانسیسی بندرگاہ کیلے میں فیری ورکرز کی ہڑتال، فرانس جانیوالی گاڑیوں کی لمبی قطاریں، ٹریفک کا نظام معطل
August 1, 2015
کیلے (ویب ڈیسک) فرانسیسی بندرگاہ کیلے میں فیری ورکرز کی ہڑتال کے نتیجے میں برطانیہ سے انگلش چینل عبور کر کے فرانس جانیوالی گاڑیوں کی لمبی قطاریں لگ گئیں اور دونوں ممالک میں زمینی ٹریفک کا نظام معطل ہو کر رہ گیا. ٹریفک معطل ہونے سے برطانوی علاقے کینٹ میں سفر کرنے والوں کو شدید مشکلات کا سامنا رہا جبکہ دوسری طرف کیلے بندرگاہ پر ہزاروں غیرقانونی تارکین وطن برطانیہ میں داخل ہونے کیلئے کوشاں ہیں جس کی وجہ سے برطانیہ اور فرانس کی سرحد پر ٹریفک کا نظام معطل ہو گیا ہے. برطانوی وزیر ہاؤسنگ ومنصوبہ بندی برینڈن لیوس کا کہنا ہے کہ آئندہ دنوں میں بھی ٹریفک کا مسئلہ درپیش رہے گا کیونکہ  فرانس میں فیری ورکرز کی ہڑتال جلد ختم ہوتی دکھائی نہیں دیتی۔ ان کا کہنا تھا معاملہ بہت پیچیدہ ہے لیکن برطانیہ اس کے حل کیلئے فرانس کی ہر ممکن مدد کریں گے۔ انگلش چینل کی بندش کے بعد افریقہ اور مشرق وسطیٰ سے غیرقانونی تارکین وطن برطانیہ پہنچنے کیلئے کوشاں ہیں لیکن برطانوی حکومت کسی بھی طور انہیں ملک میں داخل ہونے سے روکنا چاہتی ہے جس کیلئے سرحد پر فوج کی تعیناتی بھی زیرغور ہے۔ ڈیوڈ کیمرون نے کہا ہے کہ برطانیہ مسئلہ کے حل کیلئے ہر ممکن کوشش کرے گا۔ فرانسیسی بندرگاہ کیلے پر برطانیہ پہنچنے کیلئے پانچ ہزار سے زائد تارکین وطن جمع ہیں اور رات کو منظم انداز میں یورو ٹنل کی تنصیبات پر دھاوا بول سکتے ہیں جس کے بعد یوروٹنل کو بس سروس بند کرنے پر مجبور ہونا پڑا ہے۔