Saturday, April 27, 2024

فرانس کے صدر نے مظاہرین کے سامنے گھٹنے ٹیک دیئے

فرانس کے صدر نے مظاہرین کے سامنے گھٹنے ٹیک دیئے
December 11, 2018
پیرس( 92 نیوز) فرانس کے صدر نے مظاہرین کے سامنے گھٹنے ٹیکتے ہوئے انکے بیشتر مطالبات مان لیے ، بنیادی تنخواہوں میں اضافے ،متوسط طبقے کو ٹیکس رعایات دینے کا اعلان کر دیا۔ مظاہرین نےصدر کے خطاب کو غیر متاثرکن قرار دیتے ہوئے تحریک جاری رکھنے کا اعلان کردیا ۔ طاقت کا بے تحاشا استعمال بھی  مظاہرین کے جذبے کو ماند نہ کرسکا جس کے بعد فرانس میں حکمرانوں نے گھٹنے ٹیک دئیے ۔ فرانسیسی صدر عمانوئل میکخواں نے ٹیلی ویژن پر قوم  سے خطاب کرتے ہوئے  پیلی جیکٹ مظاہرین کے بیشتر مطالبات تسلیم کرنے کا اعلان کردیا۔ اپنے خطاب میں فرانسیسی صدر  نے غریب  اور متوسط ملازمین کی ماہانہ  تنخواہوں میں 100یورو تک اضافے، پنشنرز کیلئے ٹیکس کم کرنے کا اعلان کیا ،صدر نے ویلتھ ٹیکس بحال کرنے سے انکار کردیا۔ فرانسیسی صدر نے کہا کہ وہ پنشن،بیروزگاری الاؤنس اور عوامی اخراجات کے حوالے سے اپنے ایجنڈے کے نفاذ کیلئے کام کرتے رہیں گے ،صدر کاکہنا تھا کہ اگلے برس سے کم ازکم اجرت میں بھی اضافہ کریں گے ایک اندازے کے مطابق صدر کے اعلان سے فرانسیسی معیشت کو سالانہ آٹھ سے دس ارب ڈالر کا اضافی بوجھ برداشت کرنا پڑے گا ۔ صدر عمانوئل نے پیلی جیکٹ تحریک کے مظاہرین سے پرامن رہنے کا مطالبہ کیا،فرانس میں چار ہفتوں سے جاری احتجاج میں پیرس سمیت ملک بھر میں پرتشدد مظاہرے ہوئے ،حکومت  مخالفین اور پولیس کے درمیان جھڑپیں ہوئیں۔ اس دوران پولیس پر کریکر پھینکے گئے، گاڑیوں کو آگ لگائی گئی اور صدر ماکروں کی اقتصادی پالیسیوں پر احتجاج کرتے ہوئے تجارتی مراکز، دکانوں اور ریستورانوں کو برباد کیا گیا۔ دوسری جانب پیلی جیکٹ کے مظاہرین نے صدر کے خطاب کو غیر متاثرکن قرار دیتے ہوئے تحریک جاری رکھنے کا اعلان کردیا ۔