Friday, May 3, 2024

فرانس میں گرمی کی شدت میں اضافہ، درجہ حرارت چالیس ڈگری تک پہنچ گیا، گرمی سے بچائو کے لیے پارکوں میں ڈیرے

فرانس میں گرمی کی شدت میں اضافہ، درجہ حرارت چالیس ڈگری تک پہنچ گیا، گرمی سے بچائو کے لیے پارکوں میں ڈیرے
July 1, 2015
پیرس (ویب ڈیسک) فرانس میں گرمی کی شدت میں اضافے کے بعد پیرس کے باسی دھوپ اور گرمی سے بچاؤ کیلئے پارکوں اور سایہ دار جگہوں کا رخ کر رہے ہیں۔ آج کل  فرانس سمیت پورا یورپ  شمالی افریقہ سے آنے والی گرمی کی لہر کی زد میں ہے۔ خاص طور پر فرانس، پرتگال، سپین میں درجہ حرارت چالیس ڈگری سینٹی گریڈ کو چھو رہا ہے۔ گرمی اس قدر شدید ہے کہ پارہ رات کے وقت بھی بیس ڈگری سینٹی گریڈ سےنیچے آنے کا نام نہیں لیتا۔ ایسے میں پیرس سمیت دیگر شہروں میں لوگ ایک طرف بال بچوں سمیت گھروں سے نکل کر پارکوں میں آ جاتے ہیں جہاں بچے اور جوان فواروں کے پانی سے خود کو ٹھنڈا رکھتے ہیں تو کچھ گوریاں ایسی بھی ہیں جو تمازت سے اپنے رنگوں کو ٹین کرنے کی فکر میں ہیں اور کھلے مقامات پر سن باتھ سے لطف اندوز ہوتی ہیں۔ فرانسیسی محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ گرمی کی شدت آئندہ دنوں میں بھی برقرار رہی گی۔ میٹرو فرانس کے مطابق فرانس میں پچھلے ساٹھ سال میں اتنی گرمی نہیں پڑی۔ ایسے میں لوگوں کو پانی کی کمی اور ہیٹ سٹروک سے بچنے کیلئے حفاظتی اقدامات کرنے چاہئیں اور دن کے وقت دھوپ میں نکلنے سے گریز کرنا چاہئے۔ سپین اور پرتگال میں درجہ حرارت ترتالیس ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچ چکا ہے۔