Sunday, May 5, 2024

فرانس میں پیلی جیکٹس مظاہرین کا چھٹے ہفتے بھی حکومت کیخلاف احتجاج جاری

فرانس میں پیلی جیکٹس مظاہرین کا چھٹے ہفتے بھی حکومت کیخلاف احتجاج جاری
December 23, 2018
پیرس (92 نیوز) فرانس میں پیلی جیکٹس مظاہرین کی جانب سے حکومت کیخلاف مسلسل چھٹے ہفتے بھی احتجاج کیا گیا۔ مظاہرے کے دوران ٹریفک حادثے میں ایک شخص ہلاک ہو گیا۔ فرانس بھرمیں پیلی جیکٹس تحریک کے تحت تین ہزار سے زائد مظاہرے کیے گئے تاہم گزشتہ ہفتوں کی نسبت اس مرتبہ شرکا کی تعداد بے حد کم تھی۔ دارالحکومت پیرس میں آٹھ سو کے قریب مظاہرین  نے شانزالیزے ایونیو کی جانب مارچ کیا۔ پولیس اور مظاہرین میں تصادم بھی ہوا جس کے بعد ایک سو نو مظاہرین کو حراست میں لے لیا گیا۔ پولیس نے مظاہرین کو منتشر کرنے کے لیے واٹرکینین کا استعمال کیا اور آنسو گیس کی شیلنگ کی ۔ ادھر فرانس کے جنوبی شہر پرپینان میں احتجاج کے دوران ٹرک کی ٹکر سے  کار سوارشخص ہلاک ہو گیا۔ سترہ نومبر سے جاری  مظاہروں میں اب تک دس افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔