Friday, April 26, 2024

فرانس میں پیلی جیکٹس تحریک کا حکومت مخالف پرتشدد احتجاج جاری

فرانس میں پیلی جیکٹس تحریک کا حکومت مخالف پرتشدد احتجاج جاری
December 9, 2018
پیرس (92 نیوز) فرانس میں پیلی جیکٹس تحریک کا حکومت مخالف پرتشدد احتجاج جاری ہے۔ پولیس اور مظاہرین کےدرمیان جھڑپوں میں ایک سو پینتیس افراد زخمی جبکہ ایک ہزار سے زائد افراد کو حراست میں لے لیا گیا۔ فرانسیسی صدر عمانوئل میکخواں کی جانب سے  پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں  اضافے کا فیصلہ  واپس لیے جانے کے باوجود مظاہرین کا غصہ ٹھنڈا نہ ہوا۔ دارالحکومت پیرس سمیت ملک بھر میں شدید مظاہرے کیے گئے جن میں  ایک لاکھ پچیس ہزار افراد نے حصہ لیا۔ پیرس کی سڑکیں ایک مرتبہ پھر میدان جنگ کا منظر پیش کرنے لگیں۔ دس ہزار سے زائد  مظاہرین  آرک ڈی ٹرائمف کے قریب جمع ہوئے۔ دکانوں میں توڑ پھوڑ کی جبکہ  کئی گاڑیوں اور املاک کو  نذر آتش کر دیا۔ مظاہرین  کو منتشر کرنے کیلئے پولیس کی جانب سے واٹر کینن اور مرچوں کے اسپرے کا استعمال کیا گیا جس کے نتیجے میں درجنوں مظاہرین زخمی ہو گئے۔ دوسری جانب  فرانسیسی وزیر داخلہ کا کہنا ہے کہ اس وقت ملک بھر میں  مجموعی صورتحال کنٹرول میں ہے تاہم پیرس کے کئی مقامات پر حالات بدستور کشیدہ ہیں۔ اُدھر پیلی  جیکٹس کا احتجاج بیلجئم بھی پہنچ گیا جہاں دارالحکومت برسلز میں  مظاہرین نے پولیس پر فائر کریکر  اور آتش گیر مادے پھینکے ۔ جواب میں پولیس نے  واٹر کینن کا استعمال  کرتے ہوئے چار سو  مظاہرین کو حراست میں لے لیا۔