Friday, March 29, 2024

فرانس میں پیلی جیکٹ والوں کی حکومت مخالف تحریک زور پکڑ گئی ‏

فرانس میں پیلی جیکٹ والوں کی حکومت مخالف تحریک زور پکڑ گئی ‏
April 21, 2019

پیرس(92 نیوز ) فرانس میں حکومت مخالف تحریک زور پکڑ گئی، پیلی جیکٹ پہنے افراد کا احتجاج 23ویں ہفتے میں داخل ہوگیا، ہزاروں مظاہرین صدر ایمونیل میکرون کے استعفے کا مطالبہ کرتے سڑکوں پر آگئے، ہنگامہ آرائی اور توڑ پھوڑ کے الزام میں 137افراد کو گرفتار کرلیا گیا۔

فرانس میں پیلی جیکٹیں پہنے ہزاروں افراد کا ہفتہ وار احتجاج جاری ہے، ہر گزرتے  دن کے ساتھ صدر ایمونیل میکرون کے استعفے کا مطالبہ کرنے والوں میں اضافہ ہوتا جارہا ہے۔

فرانسیسی وزارت داخلہ کے مطابق ملک بھر میں نو ہزار چھ سو افراد اس بار احتجاج میں شریک ہوئے، جن میں پیرس میں مظاہرہ کرنے والے 6700افراد بھی شامل ہیں۔

فرانس میں متعدد مقامات پر مظاہرین اور پولیس کے درمیان جھڑپیں بھی ہوئیں، توڑ پھوڑ اور جلاؤ گھیراؤ کے الزام میں 137افراد کو گرفتار کرلیا گیا۔

ادھر گذشتہ ہفتے نذرآتش ہونے والے نوٹرے ڈیم کے نواحی علاقے پر احتجاج پر پابندی عائد کردی گئی ہے، حکام کے مطابق مختلف ممالک سے لوگ متاثرہ چرچ کو دیکھنے آرہے ہیں، اس لیے یہاں احتجاج کی اجازت نہیں دی جاسکتی۔

مظاہرین کا کہنا ہے کہ نوٹرے ڈیم چرچ کیلئے فنڈز اکٹھے کیے جارہے ہیں، جبکہ غریبوں کیلئے کچھ بھی نہیں۔