Thursday, March 28, 2024

فرانس میں توہین آمیز خاکوں کی اشاعت کیخلاف پورا ہفتہ احتجاج کیا جائے، فضل الرحمٰن

فرانس میں توہین آمیز خاکوں کی اشاعت کیخلاف پورا ہفتہ احتجاج کیا جائے، فضل الرحمٰن
October 27, 2020
سکھر (92 نیوز) جے یو آئی کے امیر مولانا فضل الرحمٰن نے قوم سے اپیل کی کہ فرانس میں توہین آمیز خاکوں کی اشاعت کے خلاف پورا ہفتہ احتجاج کیا جائے۔ آئندہ جمعہ سے ایک ہفتہ تک ملک میں ہر جگہ احتجاج کریں گے۔ امیر جے یو آئی مولانا فضل الرحمٰن نے مدرسہ منزل گاہ میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ فرانس کے صدر کی ہدایات پر گستاخانہ خاکوں کو عمارتوں پر آویزاں کیا گیا، اس سے دنیا بھر کے مسلمانوں کی دل آزاری ہوئی ہے جو کہ ایک جرم ہے۔ انہوں نے کہا کہ فرانس کو یاد دلانا چاہتا ہوں افغانستان میں طالبان حکومت کے دوران بامیان کے اندر بدھا کے بت کو توڑنے کی کوشش کی تھی، اس کے اگلے روز میری فرانس کے سفیر سے میری ملاقات طے تھی تو انہوں نے میری ملاقات منسوخ کردی تھی۔ فضل الرحمٰن بولے کہ ایسے ممالک کیساتھ تجارتی روابط ختم کردیئے جائیں، ناموس رسالتؐ کیلئے ہر قربانی دینے کیلئے تیار ہیں۔ اُن کا کہنا تھا کہ ہم اداروں کو احترام اور تحفظ دینا چاہتے ہیں، اگر ہمیں شکایت ہے تو یا شکایت دور کریں یا جنہوں نے دھاندلی کی ہے ان کا بتا دیں۔ ہم عوام کی ترجمانی کرنا چاہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ 27 اکتوبر کشمیریوں کے ساتھ یکجہتی کا اظہار ہے، کشمیریوں کے ساتھ بھرپور طریقے سے یکجہتی کا اظہار کرتے ہیں۔ کہا کہ حکمرانوں نے کشمیر کا سودا کرکے بھارت کے ساتھ معاملات کرنے کی کوشش کی ہے۔ سربراہ جے یو آئی نے مزید کہا کہ تحریک انصاف کے ساتھ بات نہیں ہوگی، اتحادیوں کے ساتھ بات ہوسکتی ہے۔ نیب انتقامی ادارہ ہے،اپوزیشن کیخلاف استعمال ہورہا ہے۔ حکومت کی ہر کرپشن پر پردہ ڈالنے کی کوشش ہو رہی ہے۔