Friday, April 26, 2024

فرانس میں آنجہانی گلوکارہ ایدی پیاف کی 100 ویں سالگرہ

فرانس میں آنجہانی گلوکارہ ایدی پیاف کی 100 ویں سالگرہ
December 20, 2015
پیرس (ویب ڈیسک) فرانس میں آنجہانی گلو کارہ ایدی پیاف کی سو ویں سالگرہ منائی گئی۔ اپنی شیرخوار بچی کی موت کا غم بھلانے کیلئے منشیات کی عادی ہوجانےوالی گلو کارہ صرف سینتالیس سال کی عمر میں انتقال کر گئی تھی۔ تفصیلات کے مطابق ماں کی طرف سے لاوارث چھوڑے جانے کے بعد غربت و افلاس اور ایک قحبہ خانے میں پرورش پانے والی ایدی پیاف کو گانے پر ملکہ حاصل تھا اور اس کی آواز میں بے تحاشا رچاو اور چاشنی تھی۔ اپنے ابتدائی ایام میں وہ دو وقت کی روٹی کیلئے گلی‘ محلے اور بازاروں میں گا گا کر بھیک مانگتی رہی اور یہیں سے کسی موسیقار نے اس ہیرے کو تلاش لیا اور اس کی تربیت کی۔ اس نے ”لا ویئے ان ہو“ گایا تو اس کی شہرت راتوں رات آسمان کی بلندیوں کو چھونے لگی اور آج بھی فرانس کا کوئی گھر ایسا نہیں جہاں اس کے گانے نہ سنے جاتے ہوں اور اس کی آواز کا جادو آج بھی سر چڑھ کر بولتا ہے۔ وہ ہمیشہ سیاہ رنگ کا لباس زیب تن کر کے گاتی تھی اور یہی اس کی پہچان تھی۔ فرانس میں وہ آج بھی مقبول ترین آواز ہے۔