Saturday, April 20, 2024

فرانس: موسمیاتی کانفرنس کے شرکا کا عالمی درجہ حرارت میں اضافہ روکنے پر اتفاق، تاریخی معاہدے پر متفق

فرانس: موسمیاتی کانفرنس کے شرکا کا عالمی درجہ حرارت میں اضافہ روکنے پر اتفاق، تاریخی معاہدے پر متفق
December 13, 2015
پیرس (ویب ڈیسک) فرانس میں عالمی موسمیاتی کانفرنس کے شرکا عالمی درجہ حرارت میں اضافہ روکنے کیلئے تاریخی معاہدے پر متفق ہو گئے ہیں۔ فرانس میں ہونیوالی کانفرنس کے شرکا نے مجوزہ پیرس معاہدے کے تحت آئندہ عشروں میں گیسوں کا اخراج روکنے کیلئے توانائی کے متبادل ذرائع استعمال کریں گے جس کا مقصد عالمی درجہ حرارت میں اضافہ روکنا ہے۔ اس حوالے سے اقوام متحدہ کے زیراہتمام چار سال مذاکرات جاری رہے لیکن غریب اور ترقی یافتہ ممالک کے مفادات کا تصادم کسی معاہدے کی راہ میں حائل رہا  لیکن جب بیل منڈھے چڑھی اور معاہدہ ہوا تو فرانسیسی وزیر خارجہ لارینٹ فیبیوس کو معاہدے کے اعلان میں ایک منٹ بھی نہ لگا۔ جب انہوں نے بتایا کہ تقریباً دو سو ممالک معاہدے پر متفق ہو گئے ہیں تو مندوبین اپنی نشستوں سے اٹھ کر تالیاں بجانے لگے۔ یہ اپنی نوعیت کا پہلا معاہدہ ہے جس پر امیر اور غریب ممالک متفق ہیں اور کرہ ارض کو گرین ہاؤسز کے اخراج سے بچانے کیلئے اقدامات کریں گے۔ معاہدے کی کامیابی اس لحاظ سے یقینی ہے کہ ایک سو ستاسی ممالک نے مضر گیسوں کا اخراج روکنے کے منصوبے بھی پیش کر دیئے ہیں۔