Saturday, April 27, 2024

فخرپاکستان جے ایف 17تھنڈر طیارے نے پولینڈ کی فضاؤں میں لوہا منوالیا

فخرپاکستان جے ایف 17تھنڈر طیارے نے پولینڈ کی فضاؤں میں لوہا منوالیا
August 26, 2018
اسلام آباد( 92 نیوز)فخر پاکستان JF-17 تھنڈر طیارے نے پولینڈ کی فضاؤں میں بھی لوہا منوا لیا، نہ صرف رودوم ایئر شو لے اڑا بلکہ پرخطر فضائی کرتب دکھا کر شائقین سے خوب داد بھی سمیٹی ، وائس چیف آف ایئر اسٹاف ایئر مارشل ارشد ملک نے بھی شاندار کارکردگی کو سراہا ۔ ترجمان پاک فضائیہ کے مطابق پاک فضائیہ کی پولش ایئر شو میں شرکت سے دنیا میں پاکستان کا مثبت تاثر اجاگر ہوگا۔ پولینڈ کے شہر رودوم میں  پولش فضائیہ کی 100سالہ تقریبات پر ایئر شو کا انعقاد  کیا گیا جس میں  پاکستان سمیت 20ممالک اور نیٹو کے 60 طیاروں نے شرکت  کی مگر فخر پاکستان جے ایف 17 تھنڈر طیارہ ائیر شو لے اڑا  ، ہر سو جے ایف 17 تھنڈر کی دھوم  مچ گئی ۔ ترجمان پاک فضائیہ کے مطابق جے ایف 17 تھنڈر اور سپر مشاق تربیتی طیارے ایئر شو کا حصہ تھے ،فخرپاکستان جے ایف 17 طیارے کو ونگ کمانڈر ذیشان بریار نے رن وے سے فضاءمیں بلند کیاتوطیارے کی گھن گرج نے حاضرین پرسحر طاری کر دیا۔ قومی پرچم کے رنگ سے مزین جے ایف 17 تھنڈر طیارے کی عمودی، ترچھی، الٹی ، برق رفتاری اور سست رو پروازوں کا مظاہرہ دیکھ کر شائقین دم بخود رہ گئے۔ ایئر شو میں موجود وائس چیف آف ائیر سٹاف  ائیر مارشل ارشد ملک نے بھی جے ایف 17 تھنڈر طیارے کا دل موہ لینے والا مظاہرہ دیکھا اور زمینی و فضائی عملے سے ملاقات میں شاندار کارکردگی کو سراہا۔ ترجمان کا کہنا ہے کہ پاک فضائیہ کی پولش ایئر شو میں بھرپور شرکت سے دنیا میں پاکستان کا مثبت تاثر اجاگر کرنے میں مدد ملے گی۔