Friday, April 26, 2024

فحش ڈانس ہو تو ٹھیک‘ ملکی حالات دکھانے پر فلم بَین ہو جاتی ہے : عاشر عظیم

فحش ڈانس ہو تو ٹھیک‘ ملکی حالات دکھانے پر فلم بَین ہو جاتی ہے : عاشر عظیم
May 1, 2016
کراچی (92نیوز) پابندی کا شکار فلم ”مالک“ کے پروڈیوسر عاشر عظیم نے کہا ہے کہ انہوں نے فلم کو بنانے کے لیے تمام قوانین پر عملدرآمد کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ فلم کو تین سنسر بورڈ سے پاس کرایا گیا۔ تین ہفتے چلنے کے بعد پابندی سمجھ سے بالاتر ہے۔ عاشر عظیم نے تنقید کرتے ہوئے کہا کہ فلم میں فحش ڈانس شامل ہو تو اس کو اجازت کا پروانہ مل جاتا ہے مگر ملک کے حالات کے بارے کچھ فلمایا جائے تو اس پر پابندی لگا دی جاتی ہے۔ انہوں نے کہا فلم ”مالک“ میں یہ پیغام دیا گیا ہے کہ پاکستان کا ہر شہری پاکستان کا مالک ہے۔ اس ملک کے حکمران پاکستان کے مالک کو جوابدہ ہیں۔ عاشر عظیم نے کہا حکمرانوں کو آئینہ دکھایا تو وہ برا مان گئے اور پابندی لگا دی۔ فلم ”مالک“ میں گورنر ہاوس سندھ شوٹ کیا یہ نئی بات نہیں تھی۔ ڈرامہ ”دھواں“ میں گورنر بلوچستان کا گھر شوٹ کیا تھا۔ انہوں نے کہا ان کا مقصد کسی کی دل آزاری کرنا نہیں تھا۔ وہ پابندی کے خلاف قانونی جنگ لڑیں گے۔