Tuesday, April 23, 2024

فتووں سے آگے نکل کر قوم کو متبادل بیانیہ پیش کرنا ہے: وزیراعظم

فتووں سے آگے نکل کر قوم کو متبادل بیانیہ پیش کرنا ہے: وزیراعظم
March 11, 2017

لاہور (92نیوز) وزیراعظم نوازشریف نے کہا ہے کہ انسانوں میں نفرت کا زہر پھیلایا جا رہا ہے، ہمیں فتووں سے آگے نکلنا ہے۔ جامعہ نعیمیہ میں سالانہ تقسیم انعامات کی تقریب سے خطاب میں انہوں نے کہا آج پاکستان اور دنیا بھر میں اسلام کے نام پر ظلم کا بازار گرم ہے، امن ہر پاکستانی کی اولین ضرورت ہے۔

انہوں نے کہا دہشت گردوں نے جہاد کے پاکیزہ تصورکو مسخ کیا اوردین کے نام پرانسانوں کے درمیان نفرت کو پھیلایا۔ علماءکرام کی ذمہ داری ہے کہ منبر اورمحراب سے دہشت گردی کیخلاف نیا بیانیہ تشکیل دیں جس کی بنیاد پرنئی نسل کی تربیت کی جاسکے۔

وزیراعظم نے کہا دہشت گردی کیخلاف بڑی کامیابیاں حاصل کی ہیں۔ دہشت گردی کے اکا دکا واقعات ہورہے ہیں جن کا کھوج لگایا جارہاہے، ریاست انہیں کیفرکردار تک پہنچا کر دم لے گی۔ نوازشریف نے دہشت گردی کے نظریات کے خاتمے کیلئے علماء کرام کے کردار پر زور دیا اورکہا کہ اب ہمیں فتووں سے آگے نکل کرقوم کے سامنے متبادل بیانیہ پیش کرنا ہے جو اسلام کی حقیقی تعلیمات کو اجاگرکرے اورامن پسند دین کے طورپراس کے حقیقی تشخص کو سامنے لائے۔

انہوں نے کہا مفتی محمد حسین نعیمی اور ڈاکٹر سرفراز نعیمی نے ہمیشہ دین کو وحدت کیلئے استعمال کیا۔ جامعہ نعیمیہ میں ہمیشہ اتفاق و اتحاد کی بات کی گئی، یہاں ہر مسلک کے لوگ آتے ہیں۔