Saturday, April 27, 2024

فتح جنگ، کنوئیں کی صفائی کے دوران زہریلی گیس سے ایک ہی خاندان کے 6 افراد جاں بحق

فتح جنگ، کنوئیں کی صفائی کے دوران زہریلی گیس سے ایک ہی خاندان کے 6 افراد جاں بحق
July 3, 2020
فتح جنگ (92 نیوز) فتح جنگ کے نواحی گاوں  ڈھوک ملیار میں کنوئیں کی صفائی کے دوران زہریلی گیس سے 3 بھائیوں سمیت ایک ہی خاندان کے چھ افراد جاں بحق  ہوگئے۔ ایک شخص کو زندہ بچا لیا گیا۔ فتح جنگ کے نواحی گائوں ڈھوک ملیار میں کنوئیں کی صفائی کا المناک واقعہ پیش آیا۔ ایک ہی خاندان کے 6 افراد جاں بحق ہونے سے علاقے میں کہرام مچ گیا۔ واقعہ کی اطلاع ملنے پر ریسکیو 1122 اٹک کی ٹیم نے موقع پر پہنچ کر تمام لاشوں کو نکال لیا جبکہ ایک شخص کو زندہ بچا لیا گیا ہے۔ جاں بحق ہونے والوں میں 3 سکے بھائی ایک چچا اور دو کزن شامل ہیں۔ جاں بحق ہونے والوں میں  50 سالہ صادق ولد جہانداد، 22 سالہ اسرار ولد رحمت، 28 سالہ زبیر ولد رحمت، 26 سالہ عامر ولد رحمت، 30 سالہ عامر ولد عبداللہ اور 20 سالہ فیضان ولد قادر شامل ہیں۔ ریسکیو1122 کے مطابق ایک فرد کنویں کی صفائی کی غرض سے کنویں میں اترا اور بے ہوش ہوگیا۔ جسے بچاتے ہوئے 6 افراد گیس کا شکار ہو گئے۔ کنوئیں میں گیس بھرنے کے واقعات ایسے کنویں میں ہوتے ہیں۔ جو کافی عرصہ تک منہ بند ہوں اور اس کی صفائی کے لئے حفاظتی انتظامات کے بغیرکنویں میں اترنا انتہائی خطرناک ہوتا ہے۔