Friday, April 19, 2024

فاٹا کے انضمام کے فیصلے میں تاخیر ،جماعت اسلامی لانگ مارچ کریگی

فاٹا کے انضمام کے فیصلے میں تاخیر ،جماعت اسلامی لانگ مارچ کریگی
December 11, 2017

پشاور ( 92 نیوز ) وفاقی حکومت کی جانب سے فاٹا کے خیبر پختونخوا میں انضمام کے فیصلے پر تاخیر کے بعد صبر کا پیمانہ لبریز ہو گیا تو جماعت اسلامی نے پہل کرتے ہوئے اس کے خلاف لانگ مارچ کا آغاز کر دیا ۔ باب خیبر سے شروع ہونے والے لانگ مارچ کے شرکاء اسلام آباد پہنچ کر پارلیمنٹ ہاؤس کے سامنے دھرنا دیں گے
جماعت اسلامی نے فاٹا اصلاحات کے نفاذ میں تاخیر کے خلاف خیبر ایجنسی کی تحصیل جمرود میں باب خیبر سے لانگ مارچ شروع کر دیا ہے ۔ مارچ میں باجوڑ، مہمند اور دیگر ایجنسیوں سے قبائلی شریک ہیں ۔ شرکاء کا مطالبہ ہے کہ فاٹا کے خیبر پختونخوا میں انضمام کے فیصلے پر فوری طور پر عمل درآمد کیا کیا جائے۔
ریلی خیبر ایجنسی سے اسلام آباد جائے گی جہاں شرکاء ڈی چوک میں جمع ہو کر پارلیمنٹ ہاؤس کا رخ کریں گے اور دھرنا دیں گے۔ قائدین کا کہنا ہے کہ جب تک ان کے مطالبات تسلیم نہیں ہوتے دھرنا جاری رہے گا۔
لانگ مارچ میں شامل کارکن پیر کی صبح اسلام آباد کے لئے روانہ ہوں گے اور راستے میں جگہ جگہ جلسے منعقد کئے جائیں گے۔