Sunday, September 8, 2024

فاف ڈوپلیسی کی قیادت میں ورلڈ الیون لاہور پہنچ گئی

فاف ڈوپلیسی کی قیادت میں ورلڈ الیون لاہور پہنچ گئی
September 11, 2017

لاہور (92 نیوز) ورلڈ الیون لاہور پہنچ گئی، پاکستان کرکٹ بورڈ کے عہدیداروں نے ائرپورٹ پر کھلاڑیوں کا استقبال کیا۔ سخت سکیورٹی حصار میں ہوٹل لے جایا گیا۔

دبئی سے آنے والی غیرملکی پرواز ای کے 622 نے رات 2 بجے لاہور ائرپورٹ پر لینڈنگ کی۔ پرواز کو تاریخی بنایا کرکٹ کے 13 غیرملکی کھلاڑیوں نے جو پاکستانی ٹیم سے کھیلیں گے تین ٹی 20 میچ۔

پی سی بی کے چیئرمین نجم سیٹھی اور دیگر عہدیداروں نے کھلاڑیوں کا پرتپاک استقبال کیا۔ ورلڈ الیون کی ٹیم فاف ڈوپلیسی کی قیادت میں لاہور پہنچی ہے جس میں ان کےعلاوہ مورنی مورکل، ٹم پین، ہاشم آملہ، گرانٹ ایلیٹ، تمیم اقبال، عمران طاہر، جارج بیلے، کالنگ ووڈ، تھسیراپریرا، بین کٹنگ، ڈیرن سیمی اور ڈیوڈ ملر شامل ہیں۔

ائرپورٹ سے کھلاڑی سخت سکیورٹی حصار میں ہوٹل پہنچے، ائرپورٹ سے ہوٹل رینجرز، پولیس اور دیگر سکیورٹی اداروں کے اہلکار موجود تھے۔ کھلاڑی ہوٹل پہنچنے کے بعد سکیورٹی اہلکاروں کی جگہ کمانڈوز تعینات کر دیئے گئے۔

ورلڈ الیون میں جنوبی افریقہ کے پانچ، آسٹریلیا کے تین، ویسٹ انڈیز کے دو، جبکہ سری لنکا، نیوزی لینڈ، بنگلہ دیش کا ایک ایک کھلاڑی شامل ہے۔

ویسٹ انڈیز کے سیموئل بدری آج لاہور پہنچیں گے، اگرموسم نےساتھ دیا توورلڈالیون کی ٹیم آج لاہورمیں پریکٹس کرے گی۔ ورلڈ الیون اور پاکستان کے درمیان پہلا ٹی 20 میچ 12 ستمبر، دوسرا 13 جبکہ تیسرا انٹرنیشنل میچ 15 ستمبر کو کھیلا جائے گا، تمام میچ قذافی سٹیڈیم میں ہوں گے۔