Monday, September 16, 2024

فاروق ستار نے ذمہ داروں کا اجلاس آج بلا لیا ، کارکنوں کی عدالت کل لگے گی

فاروق ستار نے ذمہ داروں کا اجلاس آج بلا لیا ، کارکنوں کی عدالت کل لگے گی
February 10, 2018

کراچی (92 نیوز) ایم کیو ایم کے سربراہ اور رابطہ کمیٹی میں فاصلے برقرار ہیں ۔ اس حوالے سے فاروق ستار نے ذمہ داروں کا اجلاس آج بلا لیا جبکہ کارکنوں کی عدالت کل لگے گی ۔
رات گئے فاروق ستار نے مزید دو میڈیا ٹاک کر دیں جس کے بعد انہوں نے اعلان کیا کہ الیکشن کمیشن کو خط لکھوں گا اور پارٹی آئین کی خلاف ورزی کرنے والوں کو شوکاز نوٹس بھجواوں گا ۔
فاروق ستار نے اتوار کو ورکرز کے اجلاس کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ اب کارکن ہی بتائیں گے کہ کون ضد پر ہے، پارٹی کو ختم کیا جا رہا ہے کارکن ہی اسے بچائیں ۔
فاروق ستار نے کہا کہ کیا میں پارٹی کی سربراہی سے دستبرداری کا اعلان کر دوں ۔ مجھے تو لمبی چھٹی پر بھیج دیا گیا ہے ۔ اب مسئلہ انا کا نہیں بلکہ عزت نفس اور رٹ کا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ 2018 کا الیکشن میرے بغیر لڑ لیں ، نتائج کی ذمہ داری بھی انہیں پر ہو گی ۔
ادھر فیصل سبزواری نے صبح سویرے ڈائس سنبھال لیا اور صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ بہادر آباد میں آج دو بجے رابطہ کمیٹی کا اجلاس ہو گا ، فاروق ستار چاہیں تو آ جائیں اور اگر شوکاز نوٹس آیا تو طے کریں گے کہ جواب دینا ہے یا نہیں ۔


فیصل سبزواری نے کہا کہ فاروق ستار کے رویئے سے مایوسی ہوئی ۔ ایم کیو ایم پاکستان نہیں ٹوٹے گی ۔
رابطہ کمیٹی نے خالد مقبول صدیقی کو ٹکٹ دینے کے اختیارات دئیے ہیں ۔