Thursday, May 9, 2024

فاروق ستار سی ٹی ڈی میں پیش، گرفتار دہشت گردوں سے تعلق اور الزامات کی تردید کردی

فاروق ستار سی ٹی ڈی میں پیش، گرفتار دہشت گردوں سے تعلق اور الزامات کی تردید کردی
June 5, 2021

کراچی (92 نیوز) متحدہ کے گرفتار ملزمان کے الزامات پر ایم کیو ایم بحالی کمیٹی کے سربراہ فاروق ستار سی ٹی ڈی آفس میں پیش ہوگئے،،،افسران نے سوالات کی بوچھاڑ کردی، فاروق ستا ر نے ملزما ن سے ملاقاتوں ،رابطوں اور الزامات کی تردید کردی۔

ایم کیو ایم بحالی کمیٹی کے سر براہ فاروق ستار مشکل میں پھنس گئے۔ متحدہ کے گرفتار ملزمان کا فاروق ستار سے رابطوں کا انکشاف ہوا۔ طلب کئے جانے پر فاروق ستار سی ٹی ڈی سول لائینزآفس میں پیش ہوئے۔

ذرائع کے مطابق سی ٹی ڈی کے تین افسران نے فاروق ستار سے سوالات کیے۔ فاروق ستار نے ملزمان سے ملاقاتوں،الزامات اور رابطوں کی بھی تردید کردی۔

ذرائع کے مطابق سی ٹی ڈی حکام کی جانب سے فاروق ستار سے اکیس سوالات کیے گئے۔ فاروق ستار کو چائے بھی پلائی گئی۔

فاروق ستار نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ کچھ ملزمان نےاپنے بیان میں ان سےتعلق جوڑا ہے جس کی تردید کی ہے۔ سیاسی سفر میں کئی لوگ ملتے ہیں تصویریں بھی کھنچوالیتےہیں۔۔ لیکن ان کےکسی عمل سے تعلق نہیں۔

فاروق ستار نے کہا کہ انہوں نے دہشتگردی کی مذمت اور امن کی بات کی ہے۔ یہ بھی کہا کہ وہ سی ٹی ڈی سےآئندہ بھی مکمل تعاون کریں گے۔

دوسری جانب ایم کیوایم کے سابق رہنماء انیس ایڈووکیٹ بھی طلبی پر سی ٹی ڈی افسران سے ملے۔

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انکا کہنا تھا جس گند میں 35 سال لگا آیا ہوں تو کچھ نہ کچھ گند تو مجھ پر آنی تھی۔ الزامات مسترد کردیئے ہیں، اگر میں کسی غلط حرکت میں ملوث ہوتا تو پاکستان واپس نہیں آتا۔