Saturday, April 20, 2024

فارن فنڈنگ کیس کی روزانہ کی بنیاد پر سماعت ہماری کامیابی ہے، مریم اورنگزیب

فارن فنڈنگ کیس کی روزانہ کی بنیاد پر سماعت ہماری کامیابی ہے، مریم اورنگزیب
November 21, 2019
 لاہور (92 نیوز) ترجمان مسلم لیگ ن مریم اورنگزیب نے کہا فارن فنڈنگ کیس کی روزانہ کی بنیاد پر سماعت ہماری کامیابی ہے۔ 92 نیوز کے پروگرام ہو کیا رہا ہے میں گفتگو کرتے ہوئے مریم اورنگزیب کا کہنا تھا اصل چورتواب پکڑا گیا ہے جس کی پوری پارٹی ہی غیرملکی فنڈنگ پر چل رہی ہے،، عمران خان سمجھتے ہیں کہ انہوں نے چوری نہیں کی تو تلاشی دیں، ڈر کس بات کا ہے ۔ مریم اورنگزیب نے کہا تحریک انصاف تاخیری حربے استعمال کر رہی ہے۔ الیکشن کمیشن سے بھی کچھ تاخیر سرزد ہوئی ہے۔ پاکستان کا وزیراعظم چاہے وہ نالائق ہو اس کی پارٹی غیرملکی فنڈنگ سے جڑی ہوئی ہے۔ تمام شواہد آچکے ہیں، ہمارا موقف ہے کہ کیس کا فیصلہ جلدازجلد سنایا جائے۔ ترجمان مسلم لیگ ن مریم اورنگزیب نے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کیس میں اگر کوئی سچائی نہ ہوتی توعمران خان چار سال پہلے ہی رسیدیں دے کر کیس ختم کرسکتے تھے۔ رسیدیں نہ دینا اور کیس کا سامنا نہ کرنا اس بات کا ثبوت ہے کہ کچھ نہ کچھ بات تو ضرور ہے۔ 23 اکاؤنٹس کا سامنا آنا اس بات کا ثبوت ہے کہ ساری کی ساری دال ہی کالی ہے۔ مریم اورنگزیب کا کہنا تھا عمران خان اقتدار میں آنے سے پہلے کہتے تھے میں نے ایسی ٹیم بنائی ہے جو پاکستان کا نقشہ بدل کر رکھ دے گی۔ اب دو بھی نہیں بلکہ تین پاکستان بن چکے ہیں۔ فوزیہ قصوری نے بھی ٹویٹ کی ہے کہ اگر عمران خان فارن فنڈنگ کے حوالے سے کلیئر ہیں تو تلاشی دیں۔ بلاتفریق احتساب کا سٹینڈرڈ مسلم لیگ ن کے لوگوں نے قائم کیا ہے۔ ان سٹینڈرڈ کو سیٹ کر دیا گیا ہے اب انہی پر چلا جائے گا۔