Tuesday, April 23, 2024

فارن فنڈنگ کیس میں اپوزیشن پروپیگنڈا کررہی،فردوس عاشق

فارن فنڈنگ کیس میں اپوزیشن پروپیگنڈا کررہی،فردوس عاشق
November 24, 2019
اسلام آباد ( 92 نیوز ) وزیر اعظم عمران خان کی معاون خصوصی برائے اطلاعات ونشریات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ فارن فنڈنگ کیس میں اپوزیشن جماعتیں پروپیگنڈا کر رہی ہیں ، الیکشن کمیشن صرف تحریک انصاف ہی نہیں دیگر جماعتوں کا آڈٹ بھی کرے۔ پی ٹی آئی کور کمیٹی کے اجلاس کے بعد میڈیا بریفنگ میں ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان کا کہنا تھا کہ بیروز گار اپوزیشن میڈیا پر آنے کیلئے  عوام کو گمراہ کر رہی ہے ، تحریک انصاف فارن فنڈنگ کیس میں جواب جمع کرا چکی ہے اور کچھ نہیں چھپایا ، پی ٹی آئی کے ڈونرز اور کارکنوں  کو  نشانہ بنایا جا رہا ہے ، اپنے دفاع کا حق محفوظ رکھتے ہیں ۔ ناروے واقعہ کی مذمت کرتے ہوئےو زیر اعظم کی معاون برائے اطلاعات و نشریات کا کہنا تھا کہ  اسلاموفوبیا کیساتھ جڑا بیانیہ عالمی امن کیلئے خطرہ ہے ، یہ مسلم امہ کا مسئلہ ہے ،  او آئی سی اجلاس میں پاکستان کی نمائندگی کرتے ہوئے واقعہ کیخلاف قرارداد پیش کی جائیگی ۔ معیشت سے متعلق ان کا کہنا تھا کہ  آج کے اجلاس میں مہنگائی سے متعلق بھی  گفتگو ہوئی ، بجٹ خسارہ ، کرنٹ اکاؤنٹ خسارہ اور سر کلر ڈیڈ جیسے چیلنجز پر قابو  پایا ہے ،  مہنگائی و بیروزگاری  پر قابو پانے کیلئے اقدامات کئے جا رہے ہیں ۔ ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے میڈیا بریفنگ میں نواز شریف کو آڑے ہاتھوں لیا ، کہا کہ  نواز شریف کو گئے ایک ہفتہ ہو گیا ، ابھی تک ان کی بیماری سے متعلق کوئی چیز سامنے نہیں آئی ،  انہوں نے چیک اپ کروائے مگر کوئی بھی رپورٹ منظر پر نہ آسکی کہ آخر انہیں ایسی کون سی بیماری لگ گئی جس کا علاج پاکستان میں نہ ہے ۔