Sunday, May 5, 2024

فارمیسی کونسل آف پاکستان کا زرعی یونیورسٹی فیصل آباد کی فارمیسی کی ڈگری ماننے سے انکار

فارمیسی کونسل آف پاکستان کا زرعی یونیورسٹی فیصل آباد کی فارمیسی کی ڈگری ماننے سے انکار
April 20, 2018
فیصل آباد (92 نیوز) زرعی یونیورسٹی فیصل آباد میں ڈگری کا ایک اور مسئلہ سامنے آ گیا ۔ فارمیسی کونسل آف پاکستان نے یونیورسٹی کے فارمیسی کی ڈگری ماننے سے انکار کر دیا ۔ ایف ایس سی پری ایگریکلچر اور ڈی وی ایم کی ڈگری کے بعد زرعی یونیورٹی فیصل آباد کی ایک اور ڈگری غیر منظور شدہ نکلی ۔ پانچ سال قبل یونیورسٹی نے فارمیسی ڈگری شروع کی مگر ڈیپارٹمنٹ کو بنیادی ڈھانچہ فراہم کیا نہ مطلوبہ سہولیات ۔ فارمیسی کونسل آف پاکستان کی ٹیم نے دو بار وزٹ کیا لیکن انتظامیہ کے سر پر جوں تک نہ رینگی جس کا نتیجہ یہ نکلا کہ کونسل نے ڈگری کی منظوری دینے سے انکار کر دیا ۔ ڈیپارٹمنٹ نے طلبہ بھرتی کیلئے مطلوبہ میرٹ 60 کے بجائے 50 فیصد کیا جوکہ نئے اعتراض کے طور پر سامنے آیا ۔ چھ، چھ لاکھ فیسیں ادا کرنے والے 45 طلبہ کی تعلیم مکمل ہونے کو ہے لیکن معاملہ حل نہ ہوسکا ۔ طلبہ پریشان اور سراپا احتجاج ہیں جبکہ ترجمان یونیورسٹی طفل تسلیاں دینے میں مصروف ہیں ۔ فارمیسی ڈیپارٹمنٹ کے سربراہ نے کہا کہ یونیورسٹی ڈیپارٹمنٹ میں سہولیات کی فراہمی کیلئے مالی معاونت کرتی تو یہ دن نہ دیکھنا پڑتا تاہم اب طلبہ کا مستقبل بچانے کیلئے کوشش کر رہے ہیں ۔