Tuesday, April 23, 2024

فائرنگ کے مختلف واقعات میں 2 افراد جاں بحق

فائرنگ کے مختلف واقعات میں 2 افراد جاں بحق
November 23, 2017

 کراچی (92 نیوز) کراچی میں فائرنگ کے مختلف واقعات میں دو افراد جاں بحق ہو گئے۔
فائرنگ کا پہلا واقعہ عباس ٹاون میں پیش آیا جہاں نا معلوم افراد نے ہوٹل پر فائرنگ کر دی جس کے نتیجے میں ہوٹل کے باہر کھڑا 35 سالہ شمس الحق چار گولیاں لگنے سے موقع پر ہی دم توڑ گیا۔
فائرنگ کا دوسرا واقعہ سخی حسن کے علاقے میں پیش آیا جہاں موٹر سائیکل سواروں کی فائرنگ سے ایک شخص جاں بحق ہو گیا۔
پولیس نے لاش ہسپتال منتقل کر کے تحقیقات کا آغاز کر دیا۔
دوسری جانب سکیورٹی ادارے کا نام لے کر شہریوں کو ڈرا دھمکا کر رقم بٹورنے والے سہیل اور رفیق با الاخر پولیس کے شکنجے میں آ ہی گئے۔ ملزم سہیل تو پولیس کے سامنے بھی باز نہ آیا۔ اس نے کہا کہ وہ سکیورٹی اداروں کا مدد گار ہے اور سیاسی جماعت کا کارکن بھی ہے۔
پولیس نے دونوں کو عادی مجرم قرار دے کر حوالات میں بند کر دیا۔
پولیس اور رینجرز نے کورنگی انڈسٹریل ایریا بلال کالونی اور ٹاور میں مشترکہ سرچ آپریشن کیا۔ راستے سیل کر کے گھر گھر تلاشی کے دوران مکینوں کے کوائف چیک کئے گئے۔ سرچ آپریشن کے دوران متعدد مشتبہ افراد کو پوچھ گچھ کے لئے حراست میں لیا گیا۔