Thursday, April 25, 2024

فائرنگ سے ہلاک نوجوان کی لاش فردوس مارکیٹ چوک پر رکھ کر لواحقین کا احتجاج

فائرنگ سے ہلاک نوجوان کی لاش فردوس مارکیٹ چوک پر رکھ کر لواحقین کا احتجاج
February 11, 2020
لاہور (92 نیوز) پانچ روز قبل لاہور میں فائرنگ سے زخمی ہونے والا نوجوان دم توڑ گیا، لواحقین نے لاش فردوس مارکیٹ چوک پر رکھ کرشدید احتجاج کیا، ایس پی ماڈل ٹاؤن کی جانب سے مذاکرات کر بعد مظاہرین منتشر ہوگئے۔ نصیر آباد کے علاقے مکہ کالونی میں پانچ روز قبل عامر کو فائرنگ سے شدید زخمی حالت میں اسپتال منتقل کیا گیا تھا جہاں وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گیا۔ عامر کے  لواحقین نے فردوس مارکیٹ چوک میں میت رکھ کر احتجاج کیا اور چوک کو چاروں اطراف سے ٹریفک کیلئے بند کر دیا۔ ٹریفک پولیس نے احتجاج کے پیش نظر کیولری چوک، سنٹر پوائنٹ، ایم ایم عالم روڈ سے ڈائیورشن لگا دی۔ پولیس نےعامر کے بھائی سرور کی مدعیت میں پانچ فروری کو ارادہ قتل کی دفعہ کے تحت مقدمہ درج کیا تھا، ایف آئی آر کے مطابق پانچ فروری کو عامر کی اویس اور رانا اسلم سے گھورنے کے معاملے پر تکرار ہوئی، دوران تکرار اویس اور رانا اسلم نے دیگر ساتھیوں کو بلا کر عامر پر تشدد کیا اور فائرنگ بھی کردی جس سے وہ شدید زخمی ہوگیا۔ عامر زخموں کے تاب نہ لاتے ہوئے اسپتال میں جان کی بازی ہار گیا۔ قتل کی واردات میں ملوث ایک ملزم زیر حراست جبکہ پانچ ملزمان عبوری ضمانت پر ہیں۔