Friday, May 10, 2024

فائرنگ سے جاں بحق ہونے والے پی ٹی آئی کے کارکن آصف ہارون سپرد خاک

فائرنگ سے جاں بحق ہونے والے پی ٹی آئی کے کارکن آصف ہارون سپرد خاک
October 6, 2019
 کراچی (92 نیوز) کراچی عزیز آباد میں فائرنگ سے جاں بحق ہونے والے پی ٹی آئی کے کارکن آصف ہارون کو سپرد خاک کر دیا گیا۔ کراچی میں ٹارگٹ کلنگ کا ایک اور واقعہ پیش آیا جس میں تحریک انصاف کا مقامی عہدیدار نشانہ بن گیا۔ مقتول آصف کی نماز جنازہ ادا کردی گئی۔ پی ٹی آئی کے قومی و صوبائی اراکین سمیت کارکنوں کی بڑی تعداد شامل ہوئی۔ واقعے کا مقدمہ بھی درج کر لیا گیا۔ پی ٹی آئی عہدیدار آصف ہارون مدنی مسجد سے نماز پڑھ کر باہر نکلے تو موٹر سائیکل سوار ملزمان نے ان پر فائرنگ کر دی۔ سر میں دو گولیاں لگنے سے آصف ہارون جاں بحق ہو گئے۔ پی ٹی آئی کارکنان نے واقعے خلاف شاہراہ پاکستان پر احتجاج کیا جس کے بعد مقتول آصف کے بھائی کی مدعیت میں مقدمہ درج کرلیا گیا۔ مقدمے میں نامعلوم ملزمان کے خلاف دہشتگردی اور قتل کی دفعات شامل کر لی گئی۔ رات گئے مقتول کی نماز جنازہ علاقے کی مسجد میں ادا کی گئی جس میں پی ٹی آئی کے قومی و صوبائی اراکین سمیت کارکنان نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ اس موقع پر پی ٹی آئی رہنماؤں کا کہنا تھا کہ مقتول کو سچ بولنے کی سزا دی گئی ہے۔ پی ٹی آئی کی جانب سے سندھ پولیس سے ملزموں کو گرفتار کرنے کا مطالبہ کیا گیا ہے۔