Thursday, April 25, 2024

فائرنگ کے مختلف واقعات میں خواتین سمیت 6افراد جاں بحق

فائرنگ کے مختلف واقعات میں خواتین سمیت 6افراد جاں بحق
July 11, 2020

لاہور ( ویب ڈیسک )  ملک بھر میں عدم برداشت قیمتی انسانی جانیں لینےلگیں ، دیرینہ اور خاندانی رنجشوں پر  فائرنگ کر کے  لہو پانی کی طرح بہایا جانے لگا۔ ملک بھر میں آج بھی موصول ہونیوالی اطلاعات کے مطابق فائرنگ کے مختلف  واقعات میں  6افراد جاں بحق جب کہ متعدد افراد زخمی ہو گئے ۔

کراچی کے علاقے پرانا گولیمار کے قریب فائرنگ سے ایک شخص دم توڑ گیا، ریسکیو ذرائع کے مطابق فائرنگ کے واقعے میں دو افراد زخمی بھی ہوئے جنہیں اسپتال منتقل کر دیا گیا۔

کراچی کے ہی علاقے کورنگی نمبر 5 میں پولیس اہلکار کو فائرنگ کر کے شدید زخمی کر دیا گیا۔ پولیس اہلکار محمد اصغر زمان ٹاؤن تھانے میں تعینات ہے ، جائے وقوعہ سے 9 ایم ایم  پستول کا ایک خول ملا ہے ۔

پولیس کے مطابق ابتدائی طور پر واقعہ ٹارگٹ کلنگ کا لگتا ہے کیوں کہ اہلکار پر ماضی میں بھی حملہ ہو چکا ہے ،  ملزمان پولیس اہلکار کا اسلحہ بھی ساتھ لے گئے۔

کوئٹہ میں مستونگ کے علاقے میں شیریں آب روڈ پر نامعلوم مسلح افراد نے فائرنگ کر کے دو پولیس اہلکاروں کو زخمی کر دیا۔ پولیس کے مطابق اہلکار معمول کی ڈیوٹی پر تعینات تھے  کہ نامعلوم افراد نے فائرنگ کر دی ۔ زخمی ہونے والے اہلکاروں کو  اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے جبکہ علاقے کی ناکہ بندی کر دی گئی ۔

لاہور میں شاد باغ کے علاقہ میں ابرار نامی ملزم نے فائرنگ کر کے اسحاق کو موت کے گھاٹ اتار دیا۔ مقتول اسحاق  نے پان شاپ بنا رکھی تھی ۔ اطلاعات کے مطابق  ملزم ابرابر کی اسحاق سے معمولی تلخ کلامی ہوئی جس پر ابرار نے فائرنگ کر کے اسحاق سے زندہ رہنے کا حق چھین لیا۔پولیس کے مطابق ملزم فرار ہے جس کی گرفتاری کے لئے کوششیں جاری ہیں ۔

لاہور میں ہی تھانہ نواں کوٹ کی حدود میں فارمیسی میں ڈکیتی کی واردات ہوئی جس میں ڈاکوؤں نے فارمیسی میں داخل ہوتے ہی فائرنگ کر دی ، فائرنگ سے کوئی جانی نقصان نہ ہوا۔

فیصل آباد کے علاقے تاندلیانوالہ  میں چچا کی فائرنگ سے بھتیجی سمیت دو خواتین جاں بحق ہو گئیں ۔  اطلاعات کے مطابق  ملزم نے بھتیجی سدرہ کا اپنے بیٹے کیلئے رشتہ مانگا تھا ، انکار پر فائرنگ کر دی جس سے سدرہ بی بی جاں بحق ہو گئے جبکہ 20 سالہ رانی بی بی بھی فائرنگ کی زد میں آکر دم توڑ گئی ۔

نارووال کے گاؤں اچلی میں نوجوان نے فائرنگ کر کے اپنے چچیرے بھائی کو قتل کر دیا ،  پولیس کے مطابق ملزم نے معمولی سی رنجش پر  فائرنگ کر کے چچیرے بھائی کو قتل کیا ، ملزم موقع سے فرار ہو گیا جبکہ پولیس نے لاش قبضہ میں لے کر پوسٹمارٹم  کیلئے اسپتال منتقل کر دی ۔

حافظ آباد کے علاقے پیر کالے شاہ میں  بھائی نے فائرنگ کرکے بہن کو قتل کر دیا، ملزم سلیم اللہ کا اپنی بہن جویریہ ناظم سے گھریلو جھگڑا ہوا، ملزم نے فائرنگ کر کے بہن  کو قتل کر دیا۔ پولیس نے لاش تحویل میں لےکر کارروائی کا آغاز کر دیا، ملزم وقوعہ کے بعد فرار ہو گیا۔

شاہ کوٹ کے نواحی علاقے چک 67 میں  دیرینہ دشمنی پر دو گروہوں میں فائرنگ کا تبادلہ ہوا جس میں  2 افراد زخمی ہو گئے جنہیں  تشویشناک حالت میں الائیڈ اسپتال منتقل کر دیا گیا۔

ادھر لاہور میں سوشل میڈیا پر ہوائی فائرنگ کی ویڈیو اپ لوڈ کرنیوالے  بھٹی گروپ کے ملزم قیصر بھٹی کو ساتھی سمیت گرفتار کر لیا گیا، بھٹی گروپ کے مرکزی ملزم جمیل اور جھیلا بھٹی کو پہلے ہی گرفتار کیا جا چکا ہے ۔

ملزمان کےخلاف تھانہ جنوبی چھاؤنی میں مقدمہ درج ہے ۔ ملزمان ہوائی فائرنگ کی ویڈیو ٹک ٹاک پر اپ لوڈ کرتے اور شارع عام پر ہلڑ بازی کرتے تھے۔ایس پی کینٹ لاہور فرقان بلال کے مطابق  ملزمان کے باقی ساتھیوں کی گرفتاری کے لیے بھی چھاپے مارے جا رہے ہیں۔