Sunday, September 8, 2024

غیرملکی این جی اوزکوکھلی چھٹی نہیں دی جاسکتی،وزیرخزانہ اسحاق ڈار

غیرملکی این جی اوزکوکھلی چھٹی نہیں دی جاسکتی،وزیرخزانہ اسحاق ڈار
March 27, 2016
اسلام آباد(92نیوز)وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ غیر ملکی این جی اوز کو کھلی چھٹی نہیں دی جاسکتی ، ماضی میں غیر ملکی این جی اوز ملک دشمن سرگرمیوں کے لیے بھاری فنڈنگ کرتی رہی ہیں۔ بلوچستان سے جاسوس کی گرفتاری اس کا ثبوت ہے ۔ تفصیلات کےمطابق وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے اسلام آباد میں کمپنیز بل دو ہزار سولہ سے متعلق آگاہی سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ این جی اوز کی مانیٹرنگ اور رجسٹریشن کا قانون پارلیمنٹ میں موجود ہے۔ غیر ملکی این جی اوز کو کھلی چھوٹ نہیں ہونی چاہئے ۔ پاکستان کو غیر ملکی این جی اوز کے حوالے سے محتاط ہونے کی ضرورت ہے۔ وزیرخزانہ نے سیکیورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن آف پاکستان کو ہدایت کی ہے کہ کمپنیز بل میں غیر ملکی این جی اوز کی مانٹیرنگ کا قانون شامل کیا جائے۔ وزیرخزانہ کا کہنا تھا کہ آپریشن ضرب عضب اور دیگر وجوہات کے باعث شرح نمو کا ہدف حاصل کرنے میں مشکل کا سامنا ہے۔ آئی ایم ایف پروگرام حکومت کے منشور کا حصہ تھا جس کے مثبت اثرات سامنے آئے ہیں۔