Friday, May 10, 2024

غیرملکی افواج کے انخلاء سے پہلے افغانستان میں امن چاہتے ہیں، وزیراعظم

غیرملکی افواج کے انخلاء سے پہلے افغانستان میں امن چاہتے ہیں، وزیراعظم
June 4, 2021

اسلام آباد (92 نیوز) وزیراعظم عمران خان کہتے ہیں کہ، غیرملکی افواج کے انخلاء سے پہلے افغانستان میں امن چاہتے ہیں۔

وزیراعظم عمران خان نے برطانوی خبر رساں ادارے کو انٹرویو میں مزید کہا، اس وقت پاکستان میں بہت زیادہ خوف ہے اور میں آپ کو یقین دلاتا ہوں کہ ہم اپنی پوری کوشش کریں گے کہ امریکا کے انخلاء سے قبل افغانستان کے مسئلے کا کوئی سیاسی حل نکل آئے تاکہ مغربی ہمسایہ ممالک میں سول وار کا خطرہ کم ہو۔

انہوں نے کہا کہ، جب امریکا نے افغانستان سے نکلنے کا اعلان کیا تو طالبان نے محسوس کیا کہ وہ جنگ جیت چکے ہیں۔ امریکہ کے انخلا کے بعد طالبان سے رعایت لینا آسان نہیں ہوگا۔

وزیراعظم کا کہنا تھا کہ، فوجی انخلا کے بعد اگر جنگ ہوئی یا پناہ گزینوں کا بحران پیدا ہوتو پاکستان سب سے زیادہ متاثرہوگا۔ میری حکومت نے افغانستان کےحوالے سے دہائیوں پرانی پالیسی کو تبدیل کیا ہے۔

عمران خان بولے کہ، افغانستان میں جمہوری انداز میں جو بھی حکومت آئے گی پاکستان اس کے ساتھ کام کرے گا۔ افغانستان میں پاکستان کسی بھی قسم کی مداخلت نہیں کرے گا۔

وزیراعظم بولے کہ، بھارت نے مقبوضہ کشمیرکی حیثیت ختم کرکے ریڈ لائن عبور کی، بھارتی اقدامات غیرقانونی ، عالمی قوانین ، اور اقوام متحدہ کی قراردادوں  کےخلاف ہیں۔

اُن کا کہنا تھا کہ، مذاکرات کی بحالی کیلئے اسے غیر قانونی اقدامات واپس لینا ہوں گے۔ بھارت اگر کشمیر کے حوالے سے روڈ میپ دے توپاکستان بات چیت کیلئے تیار ہے۔

وزیراعظم نے مزید کہا، برصغیر میں غربت میں کمی کیلئےعلاقائی تجارت کرنا ہوگی۔