Friday, May 10, 2024

غیرقانونی زیرقبضہ کشمیر میں بھارت کے بھیانک مظالم روز بروز بڑھ رہے ہیں ، سردار مسعود خان

غیرقانونی زیرقبضہ کشمیر میں بھارت کے بھیانک مظالم روز بروز بڑھ رہے ہیں ، سردار مسعود خان
February 5, 2021

لاہور (92 نیوز) صدر آزادکشمیر سردار مسعود خان نے کہا غیرقانونی زیرقبضہ کشمیر میں بھارت کے بھیانک مظالم روز بروز بڑھ رہے ہیں۔

سردار مسعود خان نے پروگرام صبح سویرے پاکستان میں گفتگو کرتے ہوئے کہا بین الاقوامی سطح پر دنیا بھر کی پارلیمنٹس نے کشمیر پر قرار دادیں پاس کیں۔ عالمی میڈیا نے کشمیریوں کے حقوق کی حمایت کی۔ عالمی ذرائع ابلاغ نے بھارت کے بھیانک مظالم کی شدید مذمت کی ہے۔ تمام بین الاقوامی اداروں کے ساتھ پاکستان رابطے میں ہے۔

سردار مسعود خان نے کہا ہم منزل سے بہت دور ہیں، کشمیر جل رہا ہے۔ عالمی برادری کشمیر کے معاملے پر خاموش ہے۔ جوبائیڈن اور کمیلا ہیرس نے انتخابی مہم کے دوران کشمیریوں کے حق میں آواز بلند کی۔ اب دیکھنا یہ ہے جوبائیڈن  فیصلے کیا کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا جوبائیڈن مسئلہ کشمیر پر کلیدی کردار ادا کر سکتے ہیں ۔ اقوام متحدہ بہت ہی کم کردار ادا کر رہا ہے۔ امن و سلامتی کے معاملات پر اقوام متحدہ خاموش ہے۔ اقوام متحدہ کی ذمے داری بنتی ہے وہ مداخلت کرے۔

صدر آزادکشمیر سردار مسعود خان بولے عالمی منظر نامے میں مسئلہ کشمیر کیلئے جدوجہد کر رہے ہیں۔ ہم ریاست پاکستان پر اعتماد کرتے ہیں۔ ابھی ہم اپنی منزل حاصل کرنے میں کامیاب نہیں ہوئے۔ دنیا کشمیریوں کے ساتھ کھڑی ہے۔ کشمیری ایک لمحے کیلئے بھی محسوس نہ کریں کہ بھارت کامیاب ہورہا ہے۔ کشمیری جس قیامت سے گزر رہے ہیں یہ ایک کربلا ہے۔ مقبوضہ کشمیر پولیس اسٹیٹ، فوجی چھاؤنی اور قید خانہ بن چکا ہے۔ ہم کشمیریوں کے ساتھ کھڑے ہیں۔ میرا یہ ایمان ہے ایک دن کشمیریوں نے آزاد حاصل کرنی ہے۔