Thursday, May 2, 2024

غیرقانونی اثاثے بنانے کا ریفرنس،ارباب عالمگیر اور اہلیہ پر فرد جرم عائد

غیرقانونی اثاثے بنانے کا ریفرنس،ارباب عالمگیر اور اہلیہ پر فرد جرم عائد
January 10, 2019
پشاور ( 92 نیوز) پشاور کی احتساب عدالت نے پیپلز پارٹی کے رہنماء سابق وفاقی وزیر ارباب عالمگیر اور ان کی اہلیہ پرغیرقانونی اثاثے بنانے کے ریفرنس میں فرد جرم عائد کردی، ملزم میاں بیوی نے صحت جرم انکارکردیا، احتساب عدالت نے استغاثہ کے چار گواہوں کو طلب کرلیا۔ پاکستان پیپلزپارٹی کے رہنماء سابق وفاقی وزیرمواصلات ارباب عالمگیر اور ان کی اہلیہ عاصمہ عالمگیر غیرقانونی اثاثے بنانے کے کیس میں پشاورکی احتساب عدالت نمبر ایک میں پیش ہوئے۔ عدالت نے میاں بیوی پر 33 کروڑ روپے کے اثاثے بنانے کے ریفرنس میں فرد جرم عائد کی ، ملزموں نے صحت جرم سے انکارکیا۔ احتساب عدالت کے جج اشتیاق خان نے استغاثہ کے چار گواہوں کو 24 جنوری کو طلب کرلیا۔ پیپلزپارٹی رہنماؤں کی احتساب عدالت میں پیشی کے وقت کارکنوں کی بڑی تعداد جمع تھی جن کی پولیس کے ساتھ ہاتھا پائی ہوئی۔ سابق مشیروزیراعظم عاصمہ عالمگیرکا کہنا تھا کہ نیب کا قانون ہمارے لئے اور حکمرانوں کے لئے اور ہے۔ ارباب عالمگیر اور عاصمہ عالمگیر کے خلاف نیب خیبرپختونخوا نے آمدن سے زائد 33 کروڑ روپے کے اثاثے بنانے کا ریفرنس دائر کر رکھا ہے۔