Monday, September 16, 2024

غیررجسٹرڈ سٹنٹس، ڈرگ رجسٹریشن بورڈ کا ہنگامی اجلاس ہفتے کو طلب

غیررجسٹرڈ سٹنٹس، ڈرگ رجسٹریشن بورڈ کا ہنگامی اجلاس ہفتے کو طلب
February 2, 2017

اسلام آباد (92نیوز) غیررجسٹر ڈ سٹنٹس پر سپریم کورٹ کا ازخود نوٹس کام کرگیا۔ ڈرگ ریگولیٹری اتھارٹی کو آخرکار ہوش آہی گیا۔ اتھارٹی نے اسٹنٹس کی رجسٹریشن کے لئے ڈرگ رجسٹریشن بورڈ کا ہنگامی اجلاس آئندہ ہفتے طلب کر لیا ہے تاہم قیمتوں کے معاملے کو نظرانداز کردیا گیا۔

تفصیلات کے مطابق نائنٹی ٹو نیوز نے غیررجسٹرڈ اسٹنٹس کا معاملہ اٹھایا تو ملک بھر میں ہلچل مچ گئی۔ پھر ہسپتالوں میں چھاپے پڑے، ڈر کے مارے مافیا نے غیر رجسٹرڈ سٹنٹس ہی چھپا دیے۔ معاملہ سپریم کورٹ میں آیا۔ عدالت نے سخت حکم سنایا۔ آخرکار ڈرگ ریگولیٹری کو بھی خیال آیا جس نے فوری طور پر سنٹرل ڈرگ رجسٹریشن بورڈ کا ہنگامی اجلاس 6فروری کو اسلام آباد میں بلایا۔ بورڈ کا 266واں اجلاس اتھارٹی کے مرکزی دفتر جی نائن فور میں صبح ساڑھے بجے ہوگا۔

ٹیکنییکل و فارمیسی ممبرز، ماہرین اور متعلقہ صوبائی حکام بھی شریک ہوں گے۔ اجلاس میں وزارت قانون کے نمائندوں، کوالٹی انشورنس، میڈیکل ڈیوائس اور ریسرچ کے ڈائریکٹرز کے علاوہ پاکستان فارما بیورو، پاکستان فارماسیوٹیکل اور کیمسٹس کی تنظیموں کے نمائندوں کو بھی بلایا گیا ہے۔ ڈرگ بورڈ پچاس فارماسیوٹیکل کمپنیوں کے سٹنٹس کی رجسٹریشن کا جائزہ لے گا۔

اجلاس میں معیار پر پورا اترنے والی کمپنیوں کی رجسٹریشن کی منظوری دی جائے گی تاہم قیمتوں کے تعین کے لئے ڈرگ ریگولیٹری کی خاموشی سوالیہ نشان ہے۔ ذرائع کے مطابق پہلے سے رجسٹرڈ شدہ 55 اقسام کے اسٹنٹس کی قیمتوں کا تعین نہ ہونے کے باعث کمپنیوں کو کروڑوں کا فائدہ پہنچایا جا رہا ہے۔ پاکستان میں اس وقت 55 اقسام کے اسٹنٹس رجسٹرڈ ہیں اور ہر کمپنی اپنی مرضی سے قیمت وصول کرتی ہے۔