Sunday, September 8, 2024

غیررجسٹرڈ افغان مہاجرین کو رواں سال افغانستان واپس بھیج دیا جائیگا: وزارت سیفران

غیررجسٹرڈ افغان مہاجرین کو رواں سال افغانستان واپس بھیج دیا جائیگا: وزارت سیفران
August 4, 2015
اسلام آباد (92نیوز) سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے سیفران کو بتایا گیا ہے کہ 31دسمبر 2015ءتک تمام غیر رجسٹرڈ افغان مہاجرین کو پاکستان سے بے دخل کر دیا جائے گا۔ 15 لاکھ رجسٹرڈ افغان مہاجرین کا مستقبل کیا ہو گا، اس حوالے سے پاکستان جنیوا کنونشن 1951 پر عمل در آمد کا پابند ہے۔ قائمہ کمیٹی کا اجلاس چیئر مین سینیٹر ہلال الرحمان کی صدارت میں ہوا۔ وزار ت سیفران کے جوائنٹ سیکر ٹری طارق حیات نے بتایا کہ پاکستان میں 15 لاکھ55 رجسٹرڈ اور اتنے ہی غیر رجسٹرڈ افغان مہاجرین موجود ہیں۔ رجسٹرڈ افغان مہاجرین کو بھی31 دسمبر 2015ءتک پاکستان سے واپس جانے کی ڈیڈ لائن دے رکھی ہے لیکن اس سلسلہ میں اقوام متحدہ کے اداراہ برائے مہاجرین کی رائے حتمی ہو گی کیونکہ پاکستان نے جنیوا کنونشن پر دستخط کر رکھے ہیں جبکہ تمام غیر رجسٹرڈ افغان مہاجرین کو جو کہ غیر قانونی طور پر پاکستان میں مقیم ہیں۔ ہر صورت 31دسمبر 2015ءتک پاکستان سے واپس جانا ہو گا اور اس ڈیڈ لائن میں توسیع نہیں کی جائے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ غیر قانونی مہاجرین کی بیدخلی کےلئے نادرا اور وزارت سیفران مل کر کام کر رہے ہیں جبکہ افغان حکومت نے بھی ان مہاجرین کی واپسی کے لئے پرکشش ترغیبات شروع کی ہیں۔ جن میں انھیں وطن واپسی پر رہائشی پلاٹس کی فراہمی بھی شامل ہے۔ وزارت سیفران کے حکام کے مطابق وفاقی وزیر برائے سیفران عبدالقادر بلوچ اس سلسلہ میں 8 اور9 اگست کو افغانستان جائیں گے تا کہ غیر رجسٹرڈ افغان مہاجرین کی واپسی کےلئے اقدامات کو حتمی شکل دی جا سکے۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ فاٹا کی ہر ایجنسی کے لئے مختص فنڈز وہیں پر استعمال کئے جاتے ہیں۔ یہ فنڈز کسی بھی صورت میں کسی دوسری ایجنسی کو ٹرانسفر نہیں ہو سکتے۔ اجلاس میں لنڈی کوتل بازار میں لیویز اہلکار کے ساتھ مقامی افراد کے جھگڑے کا معاملہ بھی زیر غور آیا جس پر وفاقی وزیر سیفران عبدالقادر بلوچ کا کہنا تھا کہ یہ ایک معمولی نوعیت کا جھگڑا ہے جو سیاسی رسہ کشی کی وجہ سے سینیٹ کی کمیٹی تک پہنچ گیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اس معاملہ کو مقامی سطح پر حل کیا جانا چاہیے جبکہ چیئرمین کمیٹی ہلال الرحمان نے بھی معاملہ کے حل کےلئے سینیٹر ہدایت اللہ کی سربراہی میں سینیٹر تاج محمد آفردی اور سینیٹر مومن خان آفریدی پر مشتمل تین رکنی کمیٹی قائم کر دی ہے۔