Friday, May 10, 2024

غیرت کے نام پر قتل اطالوی شہری ثنا چیمہ کے تمام 11 ملزم بری

غیرت کے نام پر قتل اطالوی شہری ثنا چیمہ کے تمام 11 ملزم بری
February 15, 2019
 گجرات (92 نیوز) غیرت کے نام پر قتل اطالوی شہری ثنا چیمہ کے تمام 11 ملزم عدالت سے بری ہو گئے۔ ایڈیشنل سیشن جج گجرات نے کیس کا فیصلہ سنا دیا جس کے مطابق ثنا کے والد غلام مصطفیٰ، چچا مظہر اور بھائی عدنان چیمہ  جیل سے رہا ہو گئے جبکہ سابق ڈی پی او نے ثنا کو اسکے باپ، بھائی کیجانب سے غیرت کے نام پر قتل کرنیکا انکشاف کیا تھا۔ اٹھارہ اپریل دوہزار اٹھارہ کو گجرات  کے علاقے منگووال  میں اٹلی پلٹ ثنا چیمہ کی پراسرار موت ہوئی۔ بیس اپریل کو اطالوی اور سوشل میڈیا نے شور مچا دیا کہ ثنا کو پسند کی شادی کرنے پر قتل کیا گیا ہے۔ معاملہ میڈیا میں اٹھایا گیا تو پولیس بھی حرکت میں آگئی اور چوبیس اپریل کو اپنی مدعیت میں قتل کا مقدمہ درج کرتے ہوئے ثنا کے والد،چچا اور بھائی کو گرفتار کر لیا۔ ثنا کی قبرکشائی پر والدین کی طرف سے طبعی موت کے دعوے کا پول کھلا۔ مقتولہ کو بغیر کفن کے دفنایا گیا تھا۔ مقامی اسپتال کے ڈاکٹر کے مطابق ثنا گیارہ اپریل کو اسپتال آئی تو بلڈ پریشر اور معدے کی تکلیف کے سوا کوئی بیماری نہیں تھی، بالکل صحت مند تھی۔ فرانزک  لیبارٹری نے تصدیق  کی کہ ثنا چیمہ کی موت گلا دبانے سے ہوئی جبکہ پوسٹمارٹم رپورٹ کے مطابق  گردن کی ہڈی ٹوٹی ہوئی تھی۔ ثنا چیمہ کو قتل نہیں کیا گیا تو پھر ہلاکت کیسے ہوئی؟؟؟۔ شاید یہ معمہ روز حساب ہی حل ہو۔