Friday, May 10, 2024

غیر ملکی فنڈنگ کیس ، پی ٹی آئی کی درخواستیں مسترد

غیر ملکی فنڈنگ کیس ، پی ٹی آئی کی درخواستیں مسترد
October 10, 2019
اسلام آباد ( 92 نیوز ) الیکشن کمیشن نے پاکستان تحریک انصاف کی غیر ملکی فنڈنگ کیس سے متعلق چاروں درخواستیں مسترد کر دیں  اور حکم دیا کہ  سکروٹنی کمیٹی اپنا کام جاری رکھے ۔ الیکشن کمیشن نے غیر ملکی فنڈنگ کیس میں  پاکستان تحریک انصاف کی چاروں درخواستیں مسترد کرتے ہوئے  فریقین کو 14 اکتوبر کو  سکروٹنی کمیٹی کے سامنے پیش ہونے کا حکم دے دیا۔ پاکستان تحریک انصاف کی جانب سے الیکشن  کمیشن کو کارروائی  لیک کرنے سے روکنے  اور بغیر اطلاع کارروائی کرنے کو چیلنج کیا تھا، تیسری درخواست اکبر بابر کا کیس بد نیتی پر مبنی ہونے اور چوتھی  درخواست اسٹیٹ بنک کی جانب سے فراہم کردہ اکاؤنٹس کی تفصیلات دینے کی تھی ۔ الیکشن کمیشن کی جانب سے چاروں درخواستیں مسترد کرنے کا فیصلہ سنایا گیا ۔   الیکشن کمیشن نے یکم اکتوبر کو  فیصلہ محفوظ کیا تھا جو آج سنایا گیا۔چیف الیکشن کمشنر نے  محفوظ کیا گیا فیصلہ پڑھ کر سنایا ۔ الیکشن کمیشن کے باہر  پی ٹی آئی فارن فنڈنگ کیس کے درخواستگزار اکبر ایس بابر نے میڈیا سے گفتگو میں کہا، تحریک انصاف کی فنڈنگ کی اسکروٹنی کا عمل اپنے منطقی انجام کو پہنچے گا، پی ٹی آئی حکومت کی ناکامی کی وجہ تبدیلی کے اصولوں کو اپنے اوپر لاگو نہ کرنا ہے۔ دوسری جانب مسلم لیگ ن نے بھی پی ٹی آئی کے خلاف غیر ملکی اور ممنوعہ فنڈنگ کا ریکارڈ حاصل کرنے کےلئے درخواست دائر کردی ہے۔ درخواست محسن نواز رانجھا کی جانب سے دائر کی گئی درخواست میں استدا کی گئی ہے کہ 2014 سے 2018 کے دوران پی ٹی آئی کے اثاثوں کی تفصیلات مہیا کی جائیں۔