Sunday, September 8, 2024

غیر ملکی فنڈنگ کیس: اسلام آباد ہائیکورٹ کا تحریک انصاف کو تفصیلات الیکشن کمیشن کو جمع کرانے کا حکم

غیر ملکی فنڈنگ کیس: اسلام آباد ہائیکورٹ کا تحریک انصاف کو تفصیلات الیکشن کمیشن کو جمع کرانے کا حکم
September 7, 2017

اسلام آباد (92 نیوز) اسلام آباد ہائیکورٹ نے تحریک انصاف کو غیر ملکی فنڈنگ ذرائع کی تفصیلات الیکشن کمیشن کو دو ہفتوں میں جمع کرانے کا حکم دے دیا۔

عدالت نے الیکشن کمیشن کو فنڈنگ ذرائع سے متعلق دستاویزات تک کسی دوسرے فریق کو رسائی نہ دینے کی ہدایت بھی کردی۔

غیرملکی فنڈنگ کیس میں الیکشن کمیشن کی کارروائی روکنے سے متعلق پی ٹی آئی کی درخواست پر سماعت اسلام آباد ہائیکورٹ کے جسٹس محسن اختر کیانی نے کی۔

پی ٹی آئی کے وکیل انور منصورنے موقف اختیار کیا کہ الیکشن کمیشن عدالت ہے نہ ہی ٹریبونل۔ فنڈز کی تفصیلات طلب کرنا اس کا اختیار نہیں۔

تحریک انصاف الیکشن کمیشن کے یکم اپریل 2015ء کے حکم پرغیرملکی فنڈنگ کی تفصیلات اس شرط پر فراہم کرنے کو تیار ہے کہ دستاویزات کسی اور فریق کو نہ دی جائیں۔ اس پر اکبر ایس بابر کے وکیل نے کہا کہ آئین کے تحت ہر سیاسی جماعت اپنے فنڈز کے ذرائع بتانے کی پابند ہے۔

عدالت نے حکم دیا کہ تحریک انصاف الیکشن کمیشن کو دو ہفتوں میں فارن فنڈنگ کے حوالے سے تفصیلات فراہم کرے اور الیکشن کمیشن فارن فنڈنگ دستاویزات پرقانون کے مطابق کارروائی کرے۔

عدالت نے یہ بھی ہدایت کی کہ پی ٹی آئی فارن فنڈنگ ذرائع سے متعلق دستاویزات اکبر ایس بابر یا کسی اور غیر متعلقہ فریق کو نہ دی جائیں۔

عدالت نے واضع کیا کہ الیکشن کمیشن کے یکم اپریل 2015 کے فیصلے کے خلاف درخواست کا فیصلہ عدالت کرے گی۔ اگر الیکشن کمیشن میں کسی کو کوئی اعتراض ہو تو ہائیکورٹ سے رجوع کیا جا سکتا ہے۔ سماعت 10 اکتوبرکو دوبارہ ہوگی۔