Thursday, May 9, 2024

غیر ملکی دوروں کا معاملہ ، غیر ضروری اخراجات کرنے والوں سے رقوم واپس لینے کا فیصلہ

غیر ملکی دوروں کا معاملہ ، غیر ضروری اخراجات کرنے والوں سے رقوم واپس لینے کا فیصلہ
January 27, 2020
 اسلام آباد (92 نیوز) 2008 سے 2018 تک سربراہان مملکت اور حکومت کے 9 غیر ملکی دوروں کے معاملے پر غیر ضروری اخراجات کرنے والوں سے رقوم واپس لینے کا فیصلہ کر لیا گیا۔ ذرائع وزیراعظم آفس کے مطابق وزارت خارجہ کی جانب سے سربراہان مملکت کے بیرون ملک  دوروں کی تفصیلات کابینہ ارکان کو بھیج دی گئیں۔ گزشتہ دس سالوں میں 6 سربراہان مملکت  نے333   غیرملکی دورے کیے  ۔ سابق صدر آصف زرداری  نے 134 ،  سابق صدر ممنون حسین  نے 31 ، سابق وزیر اعظم  نوازشریف نے 92، یوسف رضا گیلانی نے 48 ، شاہد خاقان عباسی نے 19 اور راجہ پرویز اشرف نے 9 غیر ملکی  دورے کیے۔ سابق صدر آصف زرداری نے غیر ملکی  دوروں  پر 1 ارب 42 کروڑ   جبکہ  ممنون حسین نے 27  کروڑ 82 لاکھ  روپے خرچ کیے ۔ سابق وزیر اعظم  نواز شریف نے سب سے زیادہ  ایک ارب 83 کروڑ روپے  خرچ  کیے ۔ سابق  وزرائے اعظم ، یوسف رضا گیلانی نے 57 کروڑ 16 لاکھ ، شاہد خاقان عباسی نے 25 کروڑ 95 لاکھ  اور راجہ پرویز اشرف نے 10 کروڑ 71 لاکھ روپے بیرون ملک  دوروں پر  خرچ کیے۔ اخراجات کی تفصیل میں سربراہان مملکت کا علاج و معالجہ بھی شامل ہے۔ حکومت نے غیر ضروری اخراجات کرنے والے سابق  سربراہان  سے رقوم واپس لینے کا فیصلہ کر لیا ۔ اس ضمن میں تمام وزارتوں، ڈویژن کو اہم ہدایات دے دی گئیں۔ سربراہان اور فیملیز کے علاج معالجے پر لگنے والی رقوم واپس لی جائیں گی۔ پرائیویٹ سیکیورٹی، کیمپ آفسز اور انٹرٹینمنٹ کی مد میں خرچ ہونے والی رقم بھی واپس لی جائے گی۔ صوبائی حکومتوں کو بھی کارروائی کی ہدایات دے دی گئیں ۔ وفاقی کابینہ  اجلاس میں آج اس حوالے سے  پیش رفت رپورٹ بھی  پیش کی جائیگی۔