Thursday, May 9, 2024

غیر ملکی افواج خطے میں پریشانی کا باعث بن رہی ہیں، روحانی

غیر ملکی افواج خطے میں پریشانی کا باعث بن رہی ہیں، روحانی
September 23, 2019
تہران (92 نیوز) ایرانی صدر حسن روحانی نے انتباہ جاری کرتے ہوئے کہا کہ غیر ملکی افواج خطے میں پریشانی کا باعث بن رہی ہیں، امریکا مخلص ہے تو خطے میں اسلحے کی دوڑ شروع نہ کرے، ہمسائیہ ممالک کی جانب دوستی کا ہاتھ بڑھاتا ہوں، ہمیں ماضی کو بھول کر آگے بڑھنا ہوگا۔ ایرانی صدر حسن روحانی نے غیر ملکی افواج کو مشرق وسطیٰ سے دور رہنے کی تنبیہ کر دی اورساتھ ہی ساتھ انہوں نے مشرق وسطیٰ میں امن کے لیے نیا منصوبہ پیش کرنے کا اعلان بھی کر دیا۔ صدر روحانی نے ٹیلی ویژن پر نشر کی گئی تقریرمیں امریکا کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہا ’اگر وہ مخلص ہے تو ہمارے خطے کو اسلحے کی دوڑ کا مقام نہ بنائے۔ امریکا ہمارے خطے اور اقوام سے جتنا دور رہے گا، یہ اتنے ہی زیادہ محفوظ ہوں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ غیر ملکی افواج مشرق وسطیٰ میں ہمیشہ درد اور مصیبت ہی لائی ہیں،مزیدنے کہا کہ وہ کل اقوام متحدہ میں امن منصوبہ پیش کریں گے، جو مشرق وسطیٰ میں جاری کشیدگی کے خاتمے میں معاون ثابت ہو گا۔ صدر روحانی نے ہمسایہ ممالک کی جانب دوستی اور بھائی چارے کا ہاتھ بڑھانے کا اعلان کرتے ہوئے پرانے معاملات بھلا دینے کا مشورہ دیا۔ ایرانی صدر کا یہ بیان اس وقت سامنے آیا ہے جب امریکا نے سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات میں اپنی مزید افواج تعینات کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔