Thursday, September 19, 2024

غیر معیاری بیچ کی فروخت سے سورج مکھی کی کاشت میں کمی واقع ہونے لگی

غیر معیاری بیچ کی فروخت سے سورج مکھی کی کاشت میں کمی واقع ہونے لگی
February 18, 2018

ٹھٹھہ (92 نیوز) سورج مکھی کی کاشت ٹھٹھہ کی پہچان ہے لیکن پانی کی قلت اور غیرمعیاری بیچ کی فروخت کے باعث اس کی کاشت میں کمی واقع ہونے لگی ۔
اللہ تعالیٰ کی قدرت کے مظاہر تو ہر پھول اور ہر رنگ میں نظر آتے ہیں لیکن سورج مکھی کا پھول دنیا میں قدرت کے خوبصورت شاہکاروں میں سے ایک ہے ۔
اس خوبصورت پھول کو سورج کے ساتھ خاص لگاؤ ہے، تبھی تو یہ دن بھر سورج کے اشاروں پر چلتا ہے ۔ آفتاب کی طرح کا یہ زرد پھول سورج کے ساتھ ساتھ اپنا رخ بھی تبدیل کرتا رہتا ہے، اسی لئے تو اسے سورج مکھی کہا جاتا ہے ۔
دلکش پنکھڑیوں والا سورج مکھی کا پھول خوبصورت اور ماحول دوست ہوتا ہے ۔ اس کی فصل بھی انتہائی منافع بخش ہوتی ہے، جبھی تو سندھ بھر میں بڑے پیمانے پر سورج مکھی کاشت کی جاتی ہے ۔ ٹھٹھہ سجاول اور بدین میں تو اس کی فصل بمپر ہوتی ہے ۔
ٹھٹھہ میں سورج مکھی کی فصل تیار ہے لیکن پانی کی شدید قلت کے باعث اسے شدید نقصان پہنچ رہا ہے جبکہ رہی سہی کسر غیر معیاری بیچ نے نکال دی ہے جس سے سورج مکھی کی کاشت میں واضح کمی دیکھنے میں آ رہی ہے ۔
کاشتکاروں کا کہنا ہے کہ محکمہ زراعت اور آبپاشی نے توجہ نہ دی تو یہ ماحول دوست فصل معدوم ہو کر رہ جائے گی ۔