Sunday, May 12, 2024

غیر قانونی پلاٹ الاٹمنٹ ریفرنس، نوازشریف کی تمام جائیدادیں قرق

غیر قانونی پلاٹ الاٹمنٹ ریفرنس، نوازشریف کی تمام جائیدادیں قرق
January 19, 2021

لاہور (92 نیوز) غیر قانونی پلاٹ الاٹمنٹ ریفرنس میں نوازشریف کی تمام جائیدادیں قرق کرلی گئیں۔ تفتیشی افسر نے رپورٹ لاہور کی احتساب عدالت میں جمع کرادی، کیس کی مزید سماعت 28 جنوری تک ملتوی کردی گئی۔

احتساب عدالت کے جج اسد علی نے نواز شریف  سمیت دیگر کیخلاف غیر قانونی پلاٹ الاٹمنٹ ریفرنس کی سماعت کی۔ نواز شریف کی تمام جائیدادیں قرق کر لی گئیں جبکہ رپورٹ عدالت میں جمع کرادی گئی۔

جج اسد علی نے استفسار کیا نواز شریف کی جائیدادیں قرق کرنے کی رپورٹ طلب کی تھی؟۔

تفتیشی افسر نے مؤقف پیش کیا، عدالتی حکم پر نواز شریف کی تمام جائیدادیں قرق کر لی گئی ہیں۔ نواز شریف کی جائیداد قرق کرنے سے متعلق محکموں کی رپورٹ بھی ساتھ منسلک ہے۔

طلبی کے باوجود پیش نہ ہونے پر نواز شریف کو اشتہاری قرار دیا گیا تھا۔ عدالت نے اشتہاری قرار دینے کے بعد تمام جائیداد ضبط کرنے کا حکم دیا تھا۔

احتساب عدالت نے ریفرنس کی مزید سماعت 28 جنوری تک ملتوی کر دی۔