Tuesday, April 23, 2024

غیر قانونی ٹیکس ری فنڈ کی تحقیقات 15دن میں مکمل کرنیکا حکم

غیر قانونی ٹیکس ری فنڈ کی تحقیقات 15دن میں مکمل کرنیکا حکم
January 8, 2020
اسلام آباد ( 92 نیوز) غیر قانونی ٹیکس ری فنڈ کی تحقیقات مکمل کرنے کیلئے سپریم کورٹ نے 15 دن کا وقت دے دیا۔ چیف جسٹس نے قائم مقام چیئرپرسن ایف بی آر پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے   ریمارکس دئیے کہ اربوں روپے لٹ گئے اور آپکو پرواہ ہی نہیں، عہدہ چھوڑ دیں، چیئرمین شبر زیدی کیوں اور کتنے بیمار ہیں۔ غیر قانونی ٹیکس  ری فنڈ کی تحقیقات میں تاخیر پر سپریم کورٹ برہم ہو گئی ، دوران سماعت عدالتی استفسار پر ایف بی آر کی قائم مقام چیئرپرسن نوشین جاوید امجد نے بتایا کہ وزیراعظم آفس سے منظوری کے بعد ٹیکس ری فنڈ میں بے ضابطگیوں کی انکوائری شروع ہوچکی ، چیئرمین ایف بی آر شبر زیدی بیماری کے باعث چھٹی پر ہیں۔ چیف جسٹس گلزار احمد نے قائمقام چیئرپرسن کی سخت سرزنش کی ،ریمارکس دیے کہ بی بی ہم یہاں کہانیاں سننے نہیں بیٹھے، تین ماہ کی عدالتی مہلت میں تحقیقات مکمل کیوں نہیں ہوئیں؟ ، اربوں روپے لُٹ گئے ہیں، سرکار کا نقصان ہوا،آپکو پرواہ ہی نہیں،پھر عہدہ چھوڑ دیں۔ چیف جسٹس گلزار احمد نے چیئرپرسن کو مخاطب کیا اور ریمارکس دیے اگر رقم آپکی جیب سے گئی ہوتی تو آپ ایک منٹ بھی گھر نہ بیٹھتی ، قوم کے پیسے سے کسی کو ہمدردی نہیں، اب ایسا نہیں ہوگا ، چیئرمین ایف بی آر شبر زیدی کیوں اور کتنے بیمار ہیں سب معلوم ہے۔ عدالت نے ایف بی آر کو 15 دن میں غیرقانونی ٹیکس ری فنڈز کی تحقیقات مکمل کرنے کا حکم دے دیا۔