Sunday, September 8, 2024

غیر قانونی سموں کی فروخت کرنیوالا گروہ گرفتار

غیر قانونی سموں کی  فروخت کرنیوالا گروہ گرفتار
January 16, 2016
لاہور(92نیوز)سادہ لوح شہریوں کے نام پر سموں کی بائیومیٹرک تصدیق کرکے دہشت گردوں کو فروخت کرنے والا گروہ اے وی ایل ایس نے پکڑ لیا گروہ کے قبضے سے بائیومیٹرک مشین سمیت سینکڑوں سمیں برآمد کر لی گئیں کالعدم تنظیموں کے ارکان اور گاڑیوں کا تاوان حاصل کرنے والے افراد بھی اسی گروہ سے سمیں حاصل کرتے تھے۔ تفصیلات کےمطابق اینٹی وہیکل لفٹنگ سٹاف نے لاہور میں چھاپہ مار کر ایک ایسے گروہ کوپکڑ لیاجو سادہ لوح شہریوں کے نام پر سموں کی بائیومیٹرک تصدیق کرکے دہشت گردوں کو فروخت کر دیتا تھا۔ سموں کی بائیومیٹرک تصدیق کے بعد مطمئن ہو جانے والے موبائل فون صارفین اس بات سے مکمل طور پر بے خبر رہتے تھے کہ ان کی سمیں دہشت گردوں کے زیراستعمال ہیں۔ گرفتار ہونے والا گروہ بائیومیٹرک تصدیق شدہ سمیں دہشت گردوں کو ایک ہزار روپے سے پانچ ہزار روپے میں فروخت کر دیتا تھا اے وی ایل ایس نے گروہ سے بائیومیٹرک مشین اور دو سو سے زائد سمیں برآمد کر لیں۔ گرفتار ملزمان نے کہا کہ بائیومیٹرک تصدیق شدہ سمیں حاصل کرنے والے سموں کی باقاعدہ ایڈوانس بکنگ بھی کروا دیتے تھے۔ گروہ نے ریلوے اسٹیشن اور لاری اڈہ پر سموں کی بائیو میٹرک تصدیق کے اڈے بنارکھے تھے جہاں پر سادہ لوح شہریوں کے نام پر باقاعدہ سمیں رجسٹرڈ کرکے فروخت کر دیتے تھے۔ تصدیق شدہ سمیں پشاور، مردان، جنوبی پنجاب، سرگودھا اور لاہور کے شہری خریدتے تھے جبکہ چوری شدہ گاڑیوں کا تاوان مانگنے والے افراد بھی یہی غیرقانونی سمیں استعمال کرتے تھے۔