Wednesday, May 22, 2024

غلطی سے ایل او سی عبور کرنیوالے دو پاکستانی بھارت نے  دہشتگرد بنا ڈالے

غلطی سے ایل او سی عبور کرنیوالے دو پاکستانی بھارت نے  دہشتگرد بنا ڈالے
September 7, 2019
اسلام  آباد (92 نیوز) بھارت کی  جھوٹے فلیگ آپریشن کے لئےبنیاد  تیار کرنے کی سازش بے نقاب ہو گئی ،  دو کشمیری غلطی  سے  ایل او سی پار گئے ، بھارتی آرمی اور میڈیا نے دہشتگرد بنا کر پیش کر دیا۔ بھارت کی ایک اور فالس فلیگ آپریشن کرنے کی بھونڈی کوشش  جاری ہے ، ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل آصف غفور نے کہا ہے بھارتی فوج اورمیڈیا ایل او سی پر دو دہشت گرد پکڑنے کا جھوٹا دعویٰ کر رہا ہے ۔ ڈی جی آئی ایس پی آر کے مطابق بھارت نے 21 اگست کو مبینہ دہشتگردوں کو پکڑنے کا دعویٰ کر رہا ہے ، درحقیقت بھارتی فوج نے 2 پاکستانی کسانوں کو پکڑا  ، دونوں کسان گھاس کاٹتے ہوئے حاجی پیر سیکٹر میں غلطی سے سرحد پار کر گئے تھے  ، پاکستانی شہریوں میں 21 سالہ محمد ناظم اور30 سالہ خلیل احمد شامل ہیں ۔ میجر جنرل آصف غفور نے کہا ہے 27 اگست کودونوں ممالک کے حکام نے ہاٹ لائن پر اس معاملے پر بات کی ،  بھارتی حکام نے معمول کی قانونی کارروائی کے بعد جواب دینے کا کہا ، 2 ستمبرکو بھارتی میڈیا نے دونوں افراد کو کالعدم تنظیموں کا رکن قرار دینے کا جھوٹا دعویٰ کیا  ۔ ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہا کہ 3 ستمبر کو ہاٹ لائن پر بھارتی حکام کیساتھ غلط میڈیا رپورٹس پر بات کی گئی ، بھارتی فوج نے 4 ستمبر کو جھوٹے فلیگ آپریشن سے متعلق پریس کانفرنس کر ڈالی ، دونوں کسانوں کو دہشت گرد ظاہر کرنے کیلئے من گھڑت کہانی سنائی گئی ۔ ڈی جی آئی ایس پی آر کے مطابق  دونوں شہری عام کسان اور ایل او سی کے قریب گاؤں تیرہ بن کے رہائشی ہیں ،  پاکستان بھارتی جھوٹ کو بے نقاب کرنے کیلئے  شواہد کے ساتھ معاملہ اٹھا رہا ہے ، بھارتی اقدام ایک اور فالس فلیگ آپریشن کی بنیاد بنانے کی کوشش ہے ۔