Thursday, March 28, 2024

غلام سرور خان کا طیارہ حادثہ کی رپورٹ 22 جون کو عوام کے سامنے لانے کا وعدہ

غلام سرور خان کا طیارہ حادثہ کی رپورٹ 22 جون کو عوام کے سامنے لانے کا وعدہ
May 28, 2020
 اسلام آباد (92 نیوز) وزیر شہری ہوا بازی غلام سرور خان نے طیارہ حادثہ کی رپورٹ 22 جون کو پارلیمنٹ اور عوام کے سامنے لانے کا وعدہ کر دیا۔ اسلام آباد میں میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے وزیر شہری ہوا بازی غلام سرور خان نے کہا کہ انکوائری کمیٹی نے سب مواد قبضے میں لے لیا ، تحقیقات جاری ہیں۔ ایئربس کمپنی کی 11 رکنی ٹیم بھی تحقیقات میں شامل ہے۔ انہوں نے کہا حادثے کی صاف اور شفاف تحقیقات ہوں گی کوئی عمل دخل نہیں ہو گا۔ تحقیقات میں کسی کے ساتھ  نرمی نہیں برتی جائے گی۔ تین بار جہاز زمین سے ٹچ ہوا، پھر اس نے جہاز اٹھایا۔ اس کی بھی انکوائری ہو رہی ہے۔ فرانس کی کمپنی ڈیٹا اور وائس ریکارڈر کو ڈی کوڈ کر کے اصل حقیقت سامنے لائے گی۔ غلام سرور خان نے کہا کہ اگر جہاز کے پہیے نہیں کھل رہے تو پائلٹ ریکویسٹ کرے گا کہ وہ کریش لینڈنگ کرے گا۔ پائلٹ نے لینڈنگ گیئر کی شکایت بھی نہیں کی۔ بہت ساری چیزیں انہوں نے بھی دیکھی ہیں لیکن وہ اپنی رائے نہیں دیں گے کیونکہ وہ ایکسپرٹ نہیں ہیں۔ ٹیم کی رپورٹ آجائے پھر سب کچھ سامنے آجائے گا۔ غلام سرور خان کا کہنا تھا 51میتیں شناخت کے بعد لواحقین کے حوالے کر دی گئی ہیں۔ کوشش ہے باقی میتیں بھی جلد لواحقین کے حوالے کی جائیں۔ حکومت جاں بحق افراد کے لواحقین کو دس دس لاکھ روپے دے گی۔ جاں بحق افراد کی انشورنس کی رقم امداد کےعلاوہ ہو گی۔ جہاز گرنے کی وجہ سے 10 سے زائد گھروں کو نقصان پہنچا  جن کی تعمیر و مرمت کیلئے بھی حکومت مدد کرے گی۔