Friday, April 19, 2024

غلام سرور خان نے توہین عدالت کیس میں غیر مشروط معافی مانگ لی ‏

غلام سرور خان نے توہین عدالت کیس میں غیر مشروط معافی مانگ لی ‏
November 14, 2019
اسلام آباد ( 92 نیوز) توہین عدالت کیس میں  وفاقی وزیر برائے ہوابازی چودھری غلام سرور خان  وزیر اعظم عمران خان کی معاون خصوصی برائے اطلاعات ونشریات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان کی غیر مشروط معافی کی درخواست پر اسلام آباد ہائیکورٹ نے فیصلہ محفوظ کرلیا۔ چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ جسٹس اطہر من اللہ نے کیس کی سماعت کی ، غلام سرور خان نے عدالت میں پیش ہو کر کہا کہ  ہم کیس نہیں  لڑنا چاہتے ، غیر مشروط معافی مانگتے ہیں  ، جس پر عدالت نے فردوس عاشق اعوان اور غلام سرور خان کے خلاف  کیس میں فیصلہ محفوظ کرلیا جو 25 نومبر کو سنایا جائے گا۔ دوران سماعت  چیف جسٹس اطہر من اللہ نے ریمارکس دیے کہ آپ کو بلاکر سمجھایا ہے ، آپ کو موقف دینے کا موقع فراہم کیا تھا ، آپ میرے متعلق بات کریں مگر زیر التوا مقدمے پر  بات نہ کریں ۔ غلام سرور خان کے وکیل نے کہا کہ  میرے موکل دو لاکھ سے زائد ووٹرز کے نمائندے ہیں ، ہم کیس نہیں لڑنا چاہتے بلکہ غیر مشروط معافی مانگتے ہیں  ۔ فردوس عاشق اعوان گزشتہ سماعت پر ہی غیر مشروط معافی نامہ جمع کرا چکی ہیں جس میں انہوں نے  کہا کہ خود کو عدالت کے رحم و کرم پر چھوڑتے ہوئے غیر مشروط معافی کی طلبگار ہوں ۔