Friday, April 26, 2024

غلام بی بی بھروانہ،صاحبزادہ نذیر سلطان ن لیگ کو چھوڑ کر پی ٹی آئی میں شامل

غلام بی بی بھروانہ،صاحبزادہ نذیر سلطان  ن لیگ کو چھوڑ کر پی ٹی آئی میں شامل
May 17, 2018
فیصل آباد ( 92 نیوز ) سیاسی خزاں کے موسم میں مسلم لیگ ن کے پتے جھڑنے کا سلسلہ جاری ہے ۔ ارکان اسمبلی غلام بی بی بھروانہ اور صاحبزادہ نذیر سلطان مسلم لیگ ن کو چھوڑ کر پاکستان تحریک انصاف میں شامل ہو گئے ۔ پنجاب سے سیاسی شخصیات کا ایک اور بڑا ریلہ ’سونامی ‘سے جا ملا ،جھنگ سے مسلم لیگ ن کی رکن قومی اسمبلی غلام بی بی بھروانہ اور صاحبزادہ محمد نذیر سلطان نون لیگ چھوڑ کر تحریک انصاف میں شامل  ہو گئے ۔ کپتان کے قافلے میں شامل ہونے والے دیگر اہم سیاسی شخصیات میں کرنل (ر) غلام عباسی قریشی، سابق رکن صوبائی  اسمبلی مہر محمد اسلم بھروانہ، میاں مظفر محمود، رانا شہباز احمد خان، میاں آصف کاٹھیا شامل ہیں۔ان کے علاوہ  غلام احمد خان  ، شیخ محمد یعقوب اور مہر سلطان سکندر بھروانہ  بھی کھلاڑی بن گئے ۔ دوسری جانب کپتان فاٹا کے خیبرپختونخوا میں انضمام کیلئے متحرک ہو گئے۔عمران خان کی زیر صدارت پارٹی رہنماؤں کا اجلاس ہوا جس میں مرکزی قیادت ،ارکان سینیٹ اور قومی اسمبلی نے شرکت کی۔ اجلاس میں تحریک انصاف نے فاٹا کے حقوق کیلئے بڑے فیصلے کرلیے۔