Friday, April 19, 2024

غلاف کعبہ تبدیلی کی روح پرور تقریب آج ہوگی

غلاف کعبہ تبدیلی کی روح پرور تقریب آج ہوگی
August 20, 2018
مکہ مکرمہ( 92 نیوز) غلاف کعبہ کی تبدیلی کی روح پرور تقریب آج ہوگی   جس میں سعودی حکام اور مسلم ممالک کے سفراء سمیت خصوصی نمائندے بھی شریک ہوں گے ۔ ہر سال وقوف عرفہ یعنی 9 ذی الحج کو لاکھوں عازمین کی موجودگی میں غلاف کعبہ کی تبدیلی عمل میں آتی ہے جس میں 160 ہنر مند اورتکنیکی کارکن شریک ہوتے ہیں ۔ غلاف کعبہ کسوہ کہلاتا ہے  جس پر ہر سال 60 لاکھ ڈالر لاگت آتی ہے  اس کی تیاری میں ایک سو پچاس کلو خالص سونا چاندی اور 670کلو ریشم استعمال ہوتا ہے۔ غلاف کعبہ کی تیاری کیلئے ریشم اٹلی سے جبکہ سونے اور چاندی کی تاریں جرمنی سے منگوائی جاتی ہیں، سیاہ غلاف پر انتہائی نفاست اور مہارت سے سونے کی تاروں سے قرانی آیات کی کشیدہ کاری کی جاتی ہے۔ روح پرور تقریب میں گورنر مکہ ، سعودی حکام سمیت مسلم ممالک کے سفرا اور خصوصی نمائندے شرکت کرتے ہیں، پرانے غلاف کو اتارنے کے بعد چھوٹے چھوٹے ٹکڑوں میں تقسیم کر دیا جاتا ہے، جو اہم شخصیات اور مذہبی تنظیموں میں تبرک کے طور پر تقسیم کر دیئے جاتے ہیں۔