Friday, May 17, 2024

غلاف کعبہ 5 ماہ کی ریکارڈ مدت میں تیار

غلاف کعبہ 5 ماہ کی ریکارڈ مدت میں تیار
December 31, 2020

ریاض (92 نیوز) کنگ عبدالعزیز کمپلیکس کے نائب صدر عبدالحامد المالکی کا کہنا ہے کہ8 آٹومیٹک مشینوں کی مدد سے اس سال غلاف کعبہ (کسوہ) 5 ماہ کی ریکارڈ مدت میں تیار کیا گیا ہے جسے یوم عرفہ یعنی 9 ذی الحج کو تبدیل کیا جائے گا۔

غلاف کعبہ (کسوہ ) کی ریکارڈ مدت میں تیاری کر لی گئی ، کنگ عبدالعزیز کمپلیکس نے تاریخ رقم کردی، 5 ماہ کے دوران کسوہ کی تیاری میں 8 روبوٹک مشینوں نے حصہ لیا۔
سعودی دور سے پہلے صدیوں تک کسوہ کے لیے کپڑا مصر سے آتا رہا۔ شاہ عبدالعزیز کے دور میں کسوہ کیلئے پہلی بار کپڑا مکہ میں بننا شروع ہوا، بعد میں اس کا کارخانہ ام الجود منتقل کردیا گیا۔

اس کارخانے میں پانی کو پاک کیا جاتا ہے جس سے کسوہ میں استعمال کیے جانے والے ریشم کو دھویا جاتا ہے،ریشم کو بعد میں سیاہ اور سبز رنگوں میں رنگا جاتا ہے اور خصوصی کیمیکلز استعمال کیے جاتے ہیں۔

سوتی کپڑے کو بھی اسی طرح دھویا اور رنگا جاتا ہے۔ کسوہ پر مشینوں کے ذریعے قرآنی آیات اور دعائیں کندہ کی جاتی ہیں۔ اس غرض سے ریشم کے علاوہ سونے کے تار استعمال کیے جاتے ہیں،یہ مشینیں فی میٹر 9986 دھاگے استعمال کرتی ہیں، تاکہ کسوہ کو ریکارڈ مدت میں تیار کیا جاسکے۔

سیاہ رنگ اور قرآنی آیات سے مزین غلاف کو ہر سال 9 ذی الحج کو حج کے اہم ترین رکن وقوف عرفہ کے دن تبدیل کیا جاتا ہے۔