Sunday, May 12, 2024

غزہ میں اسرائیلی طیاروں کی مسلسل دوسرے ہفتے بمباری، شہادتیں بڑھنے کا خدشہ

غزہ میں اسرائیلی طیاروں کی مسلسل دوسرے ہفتے بمباری، شہادتیں بڑھنے کا خدشہ
May 17, 2021

غزہ (92 نیوز) غزہ میں اسرائیلی طیاروں کی مسلسل دوسرے ہفتے بھی بمباری جاری ہے، لڑاکا طیاروں نے رات گئے غزہ کے درجنوں مقامات پر گولے برسائے، تازہ فضائی حملوں میں مزید شہادتوں کا خدشہ ہے۔

غزہ پر بمباری سے شہید فلسطینیوں کی تعداد 200 کے قریب پہنچ گئی، جبکہ 1200 سے زائد زخمی ہیں۔ فلسطینی حکام کے مطابق شہدا میں 58 بچے اور 34 خواتین بھی شامل ہیں۔

گزشتہ روز صہیونی فورسز نے وحشیانہ بمباری میں 42 فلسطینیوں کو شہید کیا تھا، جن میں جن میں سولہ خواتین اور دس بچے شامل تھے۔

اتوار کو اسرائیلی توپ خانہ بھی غزہ پر آگ برساتا رہا۔ دس مئی سے شروع ہونے والی وحشیانہ بمباری میں اب تک دو سو کے قریب عام شہری شہید ہوچکے ہیں۔

انتہاپسند اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو کا کہنا تھا کہ جب تک ضروری سمجھیں گے غزہ پر بمباری جاری رکھی جائے گی۔

دوسری جانب مسیحیوں کے روحانی پیشوا پوپ فرانسس نے خون ریزی کے خاتمے کی اپیل کی ہے۔