Tuesday, May 7, 2024

غریبوں کا علاج مفت !!! وزیراعظم نے قومی صحت پروگرام کا آغاز کر دیا

غریبوں کا علاج مفت !!! وزیراعظم نے قومی صحت پروگرام کا آغاز کر دیا
December 31, 2015
اسلام آباد (92نیوز) وزیراعظم نواز شریف نے قومی صحت پروگرام کا افتتاح کردیا۔ پہلے مرحلے میں ملک کے 23 اضلاع میں 32 لاکھ غریب خاندان مفت علاج کرا سکیں گے۔ وزیر اعظم نواز شریف کا کہنا ہے کہ علاج کے لیے کوئی غریب گھر کا سامان فروخت نہیں کرے گا۔ تفصیلات کے مطابق پہلے قومی صحت پروگرام کے تحت 23 اضلاع میں 32 لاکھ خاندانوں کو علاج کی مفت سہولتیں فراہم کیاجائیں گی۔ مستحق شہری ہیلتھ کارڈ پر سرکاری اور نجی اسپتالوں میں سات خطرناک بیماریوں کا مفت علاج کراسکیں گے۔ پروگرام پر عملدرآمد اسٹیٹ لائف انشورنس کے ذریعے ہوگا۔ پروگرام کی افتتاحی تقریب سے خطاب میں وزیر اعظم نوازشریف کا کہنا تھا کہ علاج کی سہولت فراہم کرنا حکومت کا فرض ہے‘ اب مراعات سے محروم افراد علاج سے محروم نہیں رہیں گے۔ وزیراعظم کا کہنا تھا کہ منشور پر عملدرآمد کرتے ہوئے فلاحی ریاست کی جانب قدم بڑھا دیا ہے۔ عوامی فلاح کے کسی پروگرام کی ناکامی کا آپشن قبول کریں گے نہ ہی کوئی رکاوٹ یا کرپشن برداشت ہوگی۔ وزیراعظم کا کہنا تھا کہ اگرچہ صحت اور تعلیم کی فراہمی صوبوں کی ذمہ داری ہے لیکن صوبوں کو پہلے سے زیادہ رقم دی جارہی ہے۔ سندھ اور خیبرپختونخوا میں بہت غربت ہے‘ وہاں بھی خدمت کرنی چاہیے۔